ایجنسیاں 19 مئی /2018
اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق نے فلسطینی شہریوں کے خلاف اسرائیلی فوج کی حالیہ کارروائیوں کی تحقیقات کے لیے ایک تحقیقاتی کمیشن غزہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں جمعے کو 29 ممبر ممالک کی حمایت کے بعد قرارداد منظور کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ‘جلد از جلد ایک بین الاقوامی اور آزاد تحقیقی کمیشن بھیجا جائے گا جو کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی مبینہ خلاف ورزیوں اور ‘جارحیت’ کی تحقیقات کرے گا۔’
اس قرارداد کی مخالفت میں صرف امریکہ اور آسٹریلیا نے ووٹ دیا جبکہ 14 ممالک نے حق رائے دہی استعمال نہیں کیا۔
اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق 47 ممالک پر مشتمل ہے۔
قرارداد کے مطابق یہ تحقیقاتی کمیشن ’30 مارچ 2018 کے بعد سے غزہ میں بڑی تعداد میں احتجاج کرنے والے شہریوں کے خلاف فوجی کارروائی کے سلسلے میں تمام مبینہ خلاف ورزیوں کا جائزہ لے گا۔’
یہ کمیشن اپنی حتمی رپورٹ اگلے سال مارچ تک پیش کرے گا۔
بشکریہ بی بی سی اردو
آپ کی راۓ