والدین نے کہا تم غلط راستے پر ہو ، باہر گھومو گی اور ایک خاتون کے لیے اچھا نہیں ہےمگر پہلی رپورٹ کے بعد سب بہت خوش تھے: من میت کور

21 مئی, 2018

ایجنسیاں 21 مئی /2018

پشاور کی رہائشی 24 سالہ من میت کور کا، جو پاکستان میں سکھ مذہب سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون صحافی ہیں۔ من میت نے حال ہی میں اپنی نشریات کا آغاز کرنے والے پاکستانی نیوز چینل ’ہم نیوز‘ میں بطور رپورٹر کام شروع کیا ہے۔

جب میں من میت سے ملنے پہنچا تو وہ نیوز روم میں دیگر رپورٹرز کے ساتھ گپ شپ میں مصروف تھیں اور ساتھ ساتھ اپنے ایک ٹی وی پیکج کے لیے سکرپٹ بھی لکھ رہی تھیں۔

پشاور یونیورسٹی سے سوشل سائنسز میں اعلیٰ تعلیم یافتہ من میت کا میڈیا میں کام کرنے کا یہ پہلا تجربہ ہے اور ان کے مطابق ایک ٹی وی چینل میں کام کرنے کے سلسلے میں انھیں دو چیلنج درپیش تھے۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک چیلینج تو یہ تھا کہ وہ پاکستان میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھتی ہیں اور ساتھ ہی وہ ایک خاتون بھی ہیں جن کا کسی ادارے میں ملازمت کرنا بھی ایک بڑا چیلنج تھا۔

من میت کور کے مطابق عموماً ان کی کمیونٹی میں تعلیم کا رجحان بہت کم رہا ہے اور ان کے خاندان کے بہت کم مردوں اور خواتین کو باہر نوکری کرنے یا تعلیم حاصل کرنے کی اجازت ملتی ہے۔

من میت کے مطابق جب انھوں نے اپنے والدین کو اس بارے میں بتایا کہ انھیں ایک ٹی وی میں بطور رپورٹر کام کرنے کے لیے انٹرویو کے لیے بلایا گیا ہے تو گھر والوں نے مخالفت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ والدین کو راضی کرنے کے لیے انھوں نے بہت کوشش کی اور اس سلسلے میں انھیں اپنے بیورو چیف اور ماموں کی مدد حاصل رہی جن کی کوششوں سے ان کے والدین مان گئے۔

من میت کا کہپنا تھا کہ اسی نوکری کے لیے ان کے مقابلے میں ایک سکھ لڑکا بھی تھا لیکن سکروٹنی کے بعد ان کا انتخاب کر لیا گیا۔

وہ کہتی ہیں کہ جب انھوں نے اپنی پہلی رپورٹ کے بارے میں اپنے والدین کو بتایا اور ان کے والدین نے وہ رپورٹ دیکھی تو سب بہت خوش تھے اور فخر بھی محسوس کر رہے تھے۔

من میت کور سے جب پوچھا گیا کہ وہ میڈیا میں آ کر کیا کرنا چاہتی ہیں، تو انھوں نے بتایا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ ان کی رپورٹنگ سے اقلیتوں کے مسائل اجاگر ہوں گے کیونکہ وہ خود اقلیتی برادری سے تعلق رکھتی ہیں اور ان کے مسائل بہتر جانتی ہیں۔

پا کستان میں خواتین کی میڈیا تناسب مردوں کے مقابلے میں بہت کم ہے اور بالخصو ص اقلیتوں کے لیے نوکریوں میں کوٹے پر بھی درست طریقے سے عمل درامد نہیں ہورہا۔

انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس کے ایک سروے کے مطابق خیبر پختونخوا میں 380 مرد صحافیوں کے مقابلے میں صرف 20 خواتین پریس کلب یا یونین کی رکن ہیں۔

پشاور میں سکھ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے رادیش ٹونی عرصہ دراز سے اقلیتوں کے حقوق کے لیے کام رہے ہیں۔ رادیش ٹونی نے بی بی سی کو بتایا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں اقلیتوں کے لیے سرکاری دفاتر میں تین فیصد کوٹہ مقرر ہے لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہورہا ہے۔

انھوں نے کہا اگر کچھ ہورہا ہے تو اس میں صرف مردوں کو نوکری دی جاتی ہے اور خواتین کی اس میں حوصلہ افزائی نہیں کی جاتی جبکہ میڈیا میں تو اقلیتی برادری سے خواتین نہ ہونے کے برابر ہیں۔

بشکریہ بی بی سی اردو

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter