Moscow, 15 july. Agency
فیفا عالمی کپ 2018کے فائنل میچ میں فرانس نے کروشیا کو 2کے مقابلے میں4گول سے شکست دے کر عالمی کپ کا تاج اپنے سر سجا لیا ہے۔ اس جیت کےساتھ ہی وہ دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بن گیاہے ج، اس سے قبل فرانس نے 1998 میں پہلی بارفٹبال کا عالمی کپ اپنی ہی سرزمین پراٹھایا تھا۔
روس میں کھیلے گئے ورلڈ کپ 2018 ایونٹ کے فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد فرانس پر ورلڈ کپ کا تاج سجا جبکہ تاریخ میں پہلی بارفائنل کھیلنے والی کروشین ٹیم کو شکست ہوئی تاہم گرائونڈ میں کھیل کے شائقین کی جانب سے کروشیا کی کارکردگی کو بہت سراہا گیا۔
فائنل میں کھیل کی ابتداء سے ہی دونوں ٹیموں کی جانب سے سخت مقابلہ دیکھنے میں آیااور کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کے گول پر زبردست حملےکیے تاہم کروشیا کی ایک غلطی نے میچ کا رخ فرانس کی جانب موڑ دیا جب 18ویں منٹ میں فرانس کو فری کک کا ایک موقع ملا اور کروشین کھلاڑی ماریو مینڈزوکک کی غلطی سےاون گول ہوگیا اور فرانس کو 0-1 کی برتری ملی۔
کروشیا نے اپنی غلطی پر قابو پایا اور زبردست فائٹ بیک کرتے ہوئے 28ویں منٹ میں فرانسیسی برتری کو 1-1 سے برابر کردیاجب آیون پیریسک نے گول کیا اور ٹیم کو واپس میچ میں لے آئے۔
فرانس کو برابری کا اسکور ذرا بھی نہ بھایا اور 10منٹ بعد ہی یعنی میچ کے 38ویں منٹ میں انہیں پینالٹی کا زبردست موقع ہاتھ لگا جس پر فرانسیسی اینٹونی گرزمین نے زبردست طریقے سے گول اسکور کرکے میچ کو واپس اپنے حق میں کردیا اور اسکور 1-2 ہوگیا۔
میچ میں ریفری کی جانب سے پہلا پیلا کارڈفرانس کے نگولو کانٹےکو 27 ویں منٹ میں دکھایا گیا جبکہ دوسرا پیلا کارڈ لوکس ہرنینڈز کوحریف کھلاڑی کو گرانےپر 41 ویں منٹ میں دکھایا گیاتھا۔
دوسرے ہاف میں کروشیا نے حریف فرانس کے گول پر پے در پے حملے کیے جو سب ناکام گئے لیکن فرانس مزید 2 گول کرنے میں کامیاب ہوگیا جب 59ویں منٹ میں پال پوگبا نے 1-2 کی برتری کو 1-3 کیا اور پھر عالمی کپ میں فرانس کی جیت کی کیل 65ویں منٹ میں کائل مبپاپے نے چوتھا گول کرکے ٹھونک دی اور کروشیا کے فائنل میں واپسی کے امکانات کو ایک وقت کے لیے تقریباًختم کردیا۔
میچ کے 69ویں منٹ میں کروشیا کی جانب اون گول کرنے والے ماریو مینڈوزکک کے ہاتھ اپنی غلطی سدھارنے کا اور گول اسکور کرنے کا زبردست موقع لگا اور انہوں نے گول اسکور کرکے حریف ٹیم کی برتری کو 2-4 کردیا تاہم اس کے بعد کوئی ٹیم گول اسکور نہ کرسکی اور فائنل سمیت ٹورنامنٹ کی ٹرافی فرانس کے نام رہی۔
آپ کی راۓ