نیپال میں انسانی سمگلِنگ کا شکار ہونے والی لڑکیوں نے بتایا ہے کہ انہیں جلدی جوان کرنے اور سیکس کے کاروبار میں ڈالنے کے لیے ہارمونز کے انجیکشن دیے جاتے تھے۔
محض آٹھ سال کی عمر میں سمگل کرکے انڈیا جانے والی ایک نیپالی لڑکی نے بی بی سی کو بتایا کہ ‘مجھے ہر روز لال دوا دی جاتی تھی اور ہر بار وہ دوا کھانے کے بعد میں الٹی کرتی تھی۔ مجھے وہ دوا بالکل پسند نہیں تھی لیکن مجھے زبردستی وہ دوا دی جاتی اور اگر میں انکار کرتی تھی تو میرے ساتھ مار پیٹ کی جاتی تھی۔’
‘وہ کہتے تھے کہ دوا کھانے سے میں جلدی بڑی ہو جاؤں گی اور جلدی گھر واپس جا پاؤں گی’۔
اس بچی کا تعلق شمالی نیپال کے ایک خاندان سے ہے اور یہ آٹھ بھائی بہنوں میں سب سے بڑی تھی۔ ایک عورت نے اس کے گھروالوں سے کہا کہ وہ ان کی بچی کو اچھی تعلیم دلوائے گی اور گھر والے اس عورت کے جھانسے میں آکر بچی کو اس کے ساتھ کٹھمنڈو بھیجنے کے لیے تیار ہو گئے۔
لیکن کٹھمنڈو میں وہ کچھ ہی عرصے رہی اور اسے ایک نیپالی خاندان کے ساتھ دلی بھیج دیا گیا۔ جہاں اس بچی سے گھر کا کام کاج کروایا جاتا تھا۔ دو سال تک اسے کسی اور شہر بھیج دیا گیا۔
بچی کا کہنا تھا کہ وہاں بھی وہ ایک نیپالی خاندان کے ساتھ دو سال رہی۔ ‘یہاں وہ مجھے گندی دوائی کھلاتے تھے اور پھر مجھے بُری جگہ بھیج دیا گیا میں وہاں سب سے چھوٹی بچی تھی’۔
بچی کا کہنا تھا کہ اس نے اپنے مالکوں سے التجا کی کہ اسے وہاں نہ بھیجا جائے لیکن ان کا کہنا تھا کہ جو پیسہ مجھے خریدنے اور پالنے میں خرچ ہوا ہے انہیں وہ واپس چاہیے۔ بچی کا کہنا تھا’میری قسمت اچھی تھی کہ وہاں پولیس کا چھاپا پڑ گیا اور چھ مہینے بعد ہی میں اس گندی جگہ سے آزاد ہو گئی’۔
انسانی سمگلِنگ کے خلاف کام کرنے والی تنظیموں اور پولیس نے نیپال اور انڈیا سرحد پر پہرہ بڑھا دیا۔
انسانی سمگلنگ کے خلاف کام کرنے والی نیپالی تنظیم مآ یتی نیپال کے ڈائریکٹر بشورآم کھڑکا کہتے ہیں سمگلر اب کم سن بچیوں کو لیجا رہے ہیں کیونکہ جوان لڑکیاں آسانی سے پہچان لی جاتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پولیس کی نظر بڑی لڑکیوں پر رہتی ہے جبکہ بچیوں کو وہ اپنا بتا کر آسانی سے نکل جاتے ہیں۔
کھڑکا کے مطابق سمگلر پسماندہ علاقوں کے غریب گھرانوں کی بچیوں کو نشانہ بناتے ہیں۔
سمگلِنگ کا شکار لڑکیوں کی بہبود کے لیے کام کرنے والی تنظیم ‘شکتی سموہو’ کی ڈائریکٹر سنیتا دانوور کا کہنا تھا کہ انہوں نے بھی ایسی لڑکیاں دیکھی ہیں جنہیں جوان کرنے کے لیے ہارمون دیے گیے ہیں۔
وہ کہتی ہیں ‘ہم جہاں رہتے تھے وہاں سے ایک لڑکی کو تقریباً دو ماہ کے لیے لے جایا گیا جب وہ واپس آئی تو عجیب طرح سے بڑی ہوئی لگ رہی تھی اس کا جسم جوان لڑکی جیسا تھا جبکہ آواز بچوں جیسی تھی۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ جب کسی نو سے بارہ سال کی بچی کو گروتھ ہارمون دیے جاتے ہیں تو ان کی چھاتی اور کولہے بڑے ہو جاتے ہیں اور وہ جوان لگنے لگتی ہیں۔ ڈاکٹر ارونا پریتی کہتی ہیں کہ ان ہارمونز ادویات کے سبب ان لڑکیوں کو زندگی بھر صحت کے مسائل کا سامنا رہے گا۔
نیپالی پولیس کے اعدادوشمار کے مطابق انسانی سمگلِنگ میں اضافہ ہو رہا ہے اور گذشتہ چار سال میں ایسی شکایتیں 181 سے بڑھ کر268 ہو گئی ہیں۔
نیپال پولیس کے ترجمان شیلیش تھاپا کا کہنا ہے کہ ‘لڑکیوں کو خلیجی ممالک میں نوکریاں دلوانے یا یورپ اور امریکہ میں شہریت دلوانے کا لالچ دیکر پھنسایا جاتا ہے۔
حالانکہ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہیں بچیوں کی سمگلِنگ کو کوئی شکایتیں نہیں ملی ہیں۔
انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں انسانی سمگلِنگ کے طریقے بدلے ہیں اور حکومت کو ان سے نمٹنے کے لیے چوکس رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ محض نئے قوانین بنانا کافی نہیں ہے۔اس حوالے سے لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
آپ کی راۓ