عمران خان کی حلف برداری میں مودی کی شرکت متوقع

پاکستان تحریک انصاف تمام سارک سربراہان کو دعوت دینے کی خواہاں

1 اگست, 2018

لاہور 1 اگست (کئیر خبر ڈاٹ کام) عمران خان کی پارٹی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رواں ماہ منعقد ہونے والی تقریب حلف برداری میں بشمول وزیراعظم نریندر مودی سارک ممالک کے قائدین کو دعوت دینے پر غور کررہی ہے۔ 65 سالہ عمران کے زیرقیادت پی ٹی آئی 25 جولائی کو منعقدہ قومی اسمبلی کے انتخابات میں واحد سب سے بڑی جماعت کی حیثیت سے اُبھری ہے جس کے باوجود اُس کو اپنے بل بوتے پر تشکیل حکومت کے لئے ہنوز چند ارکان کی تائید درکار ہے۔ خان نے گزشتہ روز کہا تھا کہ وہ 11 اگسٹ کو حلف لیں گے۔ ان کی پارٹی کے ایک لیڈر نے خبررساں ادارہ پی ٹی آئی سے کہاکہ ’’تحریک انصاف کی اساسی کمیٹی بشمول مسٹر مودی جنوبی ایشیائی تنظیم برائے علاقائی تعاون (سارک) سربراہان کو دعوت دینے پر غور کررہی ہے۔ اس ضمن میں بہت جلد فیصلہ متوقع ہے‘‘۔ 2018 ء کے انتخابات میں فتح پر خان کو مودی کے ٹیلی فون کال کو اُنھوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں ایک نئے باب کے آغاز کی علامت قرار دیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے بھی حلف برداری تقریب میں مودی کو مدعو کئے جانے کے امکان کو مسترد نہیں کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ’’آئندہ چند دن میں وزارت خارجہ سے مشاورت کے بعد پارٹی کی طرف سے فیصلہ کیا جائے گا‘‘۔ وزیراعظم مودی نے گزشتہ روز خان کو ٹیلی فون کرتے ہوئے عام انتخابات میں ان کی پارٹی کی کامیابی پر مبارکباد دی تھی اور یہ اُمید ظاہر کی تھی کہ باہمی تعلقات میں نئے باب کے آغاز کے لئے ہندوستان اور پاکستان کام کریں گے۔ نیک تمناؤں کے اظہار پر عمران خان نے مودی کا شکریہ ادا کیا اور مذاکرات کے ذریعہ تمام اختلافات حل کرنے پر زور دیا تھا۔ عمران خان نے کہا تھا کہ ’’جنگیں اور خونریزی تنازعات حل کرنے کے بجائے المیوں اور سانحوں کا سبب بنتی ہیں‘‘۔ اُنھوں نے اپنی جیت کے بعد خطاب میں بھی کہا تھا کہ ’’پاکستان اور ہندوستان کے درمیان بہتر تعلقات ہم سب کے لئے بہتر ہوں گے‘‘۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter