لارڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ نے بھارت کو اننگز اور 159رنز سے مات دے دی ہے۔ میچ میں جیت کے ساتھ انگلش ٹیم نے 5 میچوں کی سیریز میں 0-2کی برتری بھی حاصل کرلی ہے۔
میچ میں انگلش کھلاڑی کرس ووکس آل رائونڈ کارکردگی دکھانے پر مین آف دی میچ قرار پائے گئے جبکہ اینڈرسن دونوں اننگز میں 9 وکٹ لے اڑے۔
لارڈز ٹیسٹ میں آ ج چوتھے روز بھارتی سورما انگلش ٹیم کی جانب سے دی گئی 289رنز کی برتری کے جواب میں ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور اپنی دوسری اننگز میں صرف 130رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
ٹیم کی جانب سے روی چندرن ایشون 33رنز کے ساتھ نا قابل شکست رہے تاہم انگلش بولرز کی جانب سے جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ نے 4،4 شکار کیے جبکہ کرس ووکس کے حصے میں بھی 2 وکٹیں آئیں۔
چوتھے دن کا کھیل جب شروع ہوا تو انگلش ٹیم نے اپنی پہلی اننگز 396رنز 7وکٹوں کے نقصان پر ڈکلیئر کردی اور انہیں بھارتی ٹیم پر مجموعی طور پر 289رنز کی برتری حاصل ہوگئی ۔
ٹیم کی جانب سے کرس ووکس نے شاندار 137رنز اسکور کیے جس میں انہوں نے گرائونڈ کے چاروں اطراف 21چوکے لگائے جبکہ جونی بیئراسٹو 93رنز اور سیم کرین 40رنز کے ساتھ نمایاں رہےتاہم بھارتی بولرز کی جانب سے محمد شامی اور ہردیک پانڈیا نے3،3 انگلش کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔
اس سے قبل میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کے بھارت کے خلاف پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جوبالکل ان کے حق میں گیا اور جیمز اینڈرسن کی تباہ کن بولنگ کے باعث بھارتی سورما اپنی پہلی اننگز میں صرف 107رنز پر ڈھیر ہوگئے تھے۔
یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹیسٹ ناٹنگھم میں 18 اگست کھیلا جائے گا جو پاکستا نی وقت کے مطابق دوپہر 3 بجے شروع ہوگا۔
آپ کی راۓ