بھارت نے انگلینڈ کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں 203 رنز سے شکست دے کر 5ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پہلی فتح اپنے نام کرلی ہے ،اس سے قبل ہونے والے دو نوں مقابلے انگلینڈ کے نام رہے تھے ۔
ٹرینٹ برج ناٹنگھم میں کھیلے تیسرے میچ میں انگلینڈ کو کامیابی کےلئے بھارت نے 521 رنز کا ہدف دیا تھا ،لیکن میزبان ٹیم میچ کے آخری دن 317رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔
آج میچ کا آغاز ہوا تو انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگ گزشتہ روز کے اسکور 9 وکٹ پر 311 رنز سے شروع کی ،بھارت کو آخری دن صرف ایک وکٹ درکار تھی ،اس کی میچ میں فتح یقینی تھی کہ تیسرے اوور میں ہی روی چندرن اشون نے جمی اینڈرسن کو اجنکیا راہا کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کرادیا ،یو انگلش ٹیم 317رنز پر آل آئوٹ ہوگئی۔
انگلش اننگز کی خاص بات جوز بٹلر کی شاندار ٹیسٹ سنچری رہی ،وہ 106رنز بناکر آئوٹ ہوئے جبکہ بھارت کی طرف سے جسپریت بمرا کامیاب بولر رہے ،انہوں نے 85رنز کے عوض 5 وکٹیں اپنے نام کیں۔
سیریز کےد وران ابتدائی2 ٹیسٹ میں شکست کے بعد یہ کامیابی کوہلی الیون کی اس میچ کے تینوں شعبوں میں عمدہ کارکردگی کے بدولت ملی ہے ۔یہ انڈیا کی انگلینڈ کے خلاف انگلینڈ میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچوں میں صرف ساتویں کامیابی ہے، اس میچ سے پہلے انگلینڈ میں کھیلے گئے گذشتہ 11 میچوں میں انڈیا نے صرف ایک میچ جیتا تھا۔
پانچ میچوں کی اس سیریز میں انگلینڈ کو اب دو ایک کی برتری حاصل ہے، چوتھا ٹیسٹ میچ 30 اگست سے ساؤتھ ہیمپٹن میں کھیلا جائے گا۔
آپ کی راۓ