ایشیا کپ کا میلہ آج سے دبئی میں سجے گا / پہلا میچ بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان آج شام 5 بجے
دبئی/ ایشیا کپ 2018 کا میلہ آج سے متحدہ عرب امارات میں سجے گا جس کے لیے ٹرافی کی دبئی میں رونمائی کر دی گئی۔ایشیا کپ کی ٹرافی کی رونمائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ہمارا ٹیم کمبی نیشن شاندار ہے اور سب کا فوکس ایشیا کپ پر ہے، اچھے میچز ہوں گے جب کہ ورلڈ کپ کیلئے ہمارا سفر جاری ہے، چیمپئنز ٹرافی کے وقت ٹیم ینگ تھی لیکن اب تجربات سے گزرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حسن علی، شاداب خان، فخر زمان کی پرفارمنس میں دن بدن بہتری آ رہی ہے، وننگ پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے۔بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ بڑا ایونٹ ہے اس میں اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے، پاکستان کے خلاف میچ کا انتظار ہے، ہم ٹائٹل جیتنے کیلیے آئے ہیں اس لئے ہر میچ اہم سمجھ کر کھیلیں گے۔سری لنکن ٹیم کے کپتان اینجلو میتھیوز کا کہنا تھا کہ ماضی کی بات بھول چکے ، اب فوکس اچھا کھیلنے پر ہے، کوئی بھی ٹیم کسی سے کم نہیں ہے، کانٹے دار مقابلے دیکھنے کوملیں گے۔بنگلا دیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ نے کہا کہ ورلڈ کپ میں ابھی وقت ہے، ساری توجہ ایشیا کپ میں اچھی کارکردگی پر مرکوز ہے، ہانگ کانگ اور افغانستان کے کپتانوں نے کہا کہ ایونٹ میں اچھی پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے۔واضح رہے کہ ایونٹ میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلا دیش، افغانستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں شامل ہیں، گروپ اے میں پاکستان، بھارت اور ہانگ کانگ جب کہ گروپ بی بنگلا دیش، سری لنکا اور افغانستان پر مشتمل ہے۔ہر گروپ سے 2 ٹیمیں سپر فور مرحلے میں جگہ بنائیں گی، افتتاحی میچ بنگلا دیش اور سری لنکا کے درمیان ہوگا، پاکستانی ٹیم اتوار کو پہلا میچ ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گی جب کہ بھارت کے ساتھ مقابلہ 19 ستمبر کو ہوگا اور فائنل 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
آپ کی راۓ