سعودی عرب نے میانمار میں مسلمانوں کے اجتماعی قتل عام کو بین الاقوامی جرم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسے میانمار کے طول و عرض میں روہنگیا مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے مصائب پر بہت زیادہ تشویش ہے، میانمار کا مسئلہ انتہائی اہم ہے اور سعودی حکومت اس میں غیر معمولی دلچسپی لے رہی ہے۔
اقوام متحدہ میں متعین سعودی مندوب ڈاکٹر عبدالعزیز الواصل کا انسانی حقوق کونسل کے سامنے مملکت کا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بین الاقوامی تحقیقاتی کمیشن اس نتیجے تک پہنچ گیا ہے کہ میانمار میں اقلیتوں پر تشدد اور ظلم کے واقعات ثابت ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میانمار کی فوج نے کئی علاقے نذر آتش کیے، اندھا دھند قتل، خواتین کی اجتماعی آبرو ریزی، بچوں سے زیادتی اور بے شمار افراد کی جبری نقل مکانی کے واقعات آئے ہیں۔
سعودی عرب کا کہنا تھا کہ میانمار میں مظالم مسلم اور دیگر اقلیتوں کے خلاف وحشیانہ دہشت گردی کی بدترین مثال ہے۔
سعودی عرب نے میانمار میں روہنگیامسلمانوں کو نسلی امتیاز اور تفریق کے بغیر حقوق دینے کا پرزور مطالبہ کیا۔
آپ کی راۓ