ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے دوسرے میچ میں پاکستان نے 258 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی اور ہدف آخری اوور کی تیسری گیند پر حاصل کرلیا۔
شعیب ملک نے جارحانہ کھیلتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنارکیا۔انہوں نے 51رنز بنائے اور مین آف دی میچ قرار پائے۔
258رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب کے لئے پاکستان کے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا،تاہم پہلے اوور کی آخری گیند پرصفر کے مجموعی اسکور پر فخرزمان کو مجیب الرحمٰن نے ایل بی ڈبلیو آئوٹ کر دیا،وہ ایونٹ میں دوسری بار صفر پر آئوٹ ہوئے ہیں۔
دوسری وکٹ پر امام الحق اور بابر اعظم نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 154 رنز کی شاندار شراکت قائم کی تاہم دونوں بیٹسمین اوپر تلے آئوٹ ہوگئے،امام الحق 80 رنزبناکر رن آئوٹ ہوئے جبکہ بابر اعظم 66 رنز بناکر اسٹمپ ہوگئے۔
اس کے بعد حارث سہیل اور شعیب ملک نے محاذ سنبھالا مگر حارث سہیل محض 13 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔
ان کے بعد کپتان سرفراز احمد بیٹنگ کے لیے آئے۔تاہم وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور محض 8 رنز کے بعد پاکستان کی 5 ویں وکٹ گر گئی۔
کپتان سرفراز احمد کے بعد آصف علی کھیلنے آئے جو ایک چھکا مارنے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی ساتویں وکٹ اس وقت گری جب محمد نواز 10 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
دوسری طرف ٹیم کے سینیئر کھلاڑی شعیب ملک نے اس مشکل وقت میں ٹیم کو سنبھالا دیا اور 43 گیندوں کے عیوض 51رنز بنائے جن میں ایک چھکا اور 3 چوکے شامل ہیں، وننگ ہٹ بھی شعیب ملک نے لگائی اور پاکستان اس سنسنی خیز میچ میں کامیاب ہوگیا۔
افغانستان کی طرف سے کامیاب بولر راشد خان رہے جنہوں نے 46 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مجیب الرحمٰن نے 33 رنز دے کر 2 وکٹیں لیں۔
قبل ازیں افغانستان نے حشمت اللہ شاہدی کی شانداربیٹنگ کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹ پر 257 رنز بنائے اور پاکستان کو 258 رنز کا ایک بڑا ہدف دیا۔
ابوظبی کرکٹ اسٹیڈیم کھیلے جانے والے میچ میں افغانستان نے حشمت اللہ 97رنز ناٹ آئوٹ،کپتان اصغر 67 اور رحمت شاہ 36 رنز کی بدولت 6 وکٹ پر 257 رنز بنائے۔
گرین شرٹس کی طرف سے محمد نواز کامیاب ترین بالر رہے، انہوں نے 10 اوورز 57 رنز کے عوض 3 وکٹیں اپنے نام کیں۔
شاہین آفریدی نے 38رنز دے کر2 اور حسن علی نے 51 رنز دے کر ایک افغان کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
آپ کی راۓ