ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں بنگلا دیش،پاکستان کو 37 رنز سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا، جہاں 28ستمبر کو اس کا مقابلہ بھارت سے ہوگا۔
ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے مشفق الرحیم 99،محمد متھون 60، محمود اللہ 25 رنز کی بدولت 49 اوورز میں 239 رنز بنائے اور پاکستان کےلئے 240 رنز کا ہدف سیٹ کیا،جس کے تعاقب میں گرین شرٹس 9 وکٹ پر 202 رنز تک محدود رہی۔
پاکستان کی طرف سے امام الحق 83 رنز کی اننگز کے ساتھ کامیاب بیٹسمین رہے اور جنید خان19 رنز کے عوض 4 وکٹ لے کر کامیاب بالر رہے، ان دونوں کھلاڑیوں کی کارکردگی شکست کے ساتھ ہی ضائع ہوگئی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی طرف سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا،پہلے اوور کی 5 ویں گیند پر فخر زمان1 رنز کو مہدی حسن نے پویلین کا راستہ دکھایا۔
دوسرے اوورز کی دوسری گیند پر ون ڈائون بیٹسمین بابر اعظم کو مستفیض الرحمنٰ نے میدان سے باہر کا راستہ دکھایا،یک بعد دیگرے 2 وکٹیں گر جانے کے بعد کپتان سرفراز احمد کھیلنے آئے۔
سرفراز احمد نے 2چوکوں کی مدد سے 10رنز بنائے تھے کہ انہیں مستفیض الرحمٰن نے چوتھے اوور میں اپنا شکار بنالیا، یوں پاکستان کے ابتدائی 3 بیٹسمین صرف 18 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔
چوتھی وکٹ پر شعیب ملک نے اوپنر امام الحق کے ساتھ مل کر 67 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی اور اسکور 85 رنز تک پہنچادیا،اس موقع پر روبیل حسین نے 30 رنز پر کھیل رہے شعیب ملک کو پویلین کا راستہ دکھایا۔
پانچویں وکٹ پر شاداب خان کھیلنے کےلئے آئے، لیکن وہ 24 گیندوں پر صرف 4 رنز بناکر لوٹ گئے،انہیں سومیا سرکار نے میدان بدر کیا، جس کے بعد پاکستانی بیٹنگ آرڈر پر رن ریٹ کا دبائو بڑھ گیا۔
چھٹی وکٹ پر آصف علی اور امام الحق نے 71 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی اور ایک بار پھر میچ میں کامیابی امیدیں روشن کردیں،لیکن 165 کے اسکور پر31 رنز پر کھیل رہے آصف علی کو مہدی حسن نے لیٹن داس کی مدد سے قابو کرلیا۔
مجموعی اسکور میں 2 رنز کے اضافے کے بعد امام الحق 167 رنز پر کریز سے باہر نکل کر اونچا شارٹ کھیلنے کی کوشش میں اسٹمپ آئوٹ ہوئے،انہوں نے 83 رنز اننگز کھیلی،اس دوران 1 چھکا اور 2 چوکے لگائے،اہم وکٹ گرنے کے بعد پاکستان کی جیت کے امکانات مدہم ہوگئے۔
پاکستان کے آٹھویں آئوٹ ہونے والے بیٹسمین حسن علی تھے، جو 181 کے اسکور پر صرف 8 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، ان کی وکٹ مستفیض الرحمٰن کے حصے میں آئی۔
گرین شرٹس کی نویں وکٹ 186 کے اسکور پر گرگئی، محمد نواز اونچا شارٹ کھیلنے کی کوشش گیند بائونڈری لائن پر کھڑے فیلڈر کو تھمادی، انہیں بھی مستفیض الرحمٰن نے میدان سے واپسی کا راستہ دکھایا۔
بنگلادیش کی طرف مستفیض الرحمٰن نے 4،مہدی حسن نے 2، محمود اللہ، سومیا سرکار اور روبیل حسین نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔
اس سے قبل میچ کی پہلی اننگز میں بنگلادیش کی پہلی 3 وکٹ صرف 12 کے اسکور پر گر گئیں اور لگا کہ پوری ٹیم انتہائی کم اسکور پر پویلین لوٹ جائے گی،لیکن سرفراز احمد کی طرف سے مشفق الرحیم اور محمد متھون کیلئے اسپین اٹیک لگانے کے فیصلے کا ان بیٹسمینوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور پارٹنر شپ مستحکم کی۔
مشفق الرحیم اور محمد متھون کو آئوٹ کرنے کےلئے گرین شرٹس کے کپتان نے پہلے محمد نواز،شعیب ملک پھر حسن علی اور شاداب خان کی جوڑی کو آزمایا تاہم انہوں نے 144 رنز کی شاندار شراکت قائم کی،ساتھ ہی اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں اور ٹیم کا اسکور 156 رنز تک پہنچادیا۔
34 ویں اوورز میں حسن علی نے بالآخر محمد متھون کی وکٹ لے کر مستحکم شراکت توڑ دی، بنگلادیشی بیٹسمین نے 84 گیندیں کا سامنا کیا اور 4 چوکوں کی مدد سے 60 رنز بنائے۔
پانچویں وکٹ پر مشفق الرحیم کا ساتھ دینے کےلئے امرالقیس آئے، لیکن وہ صرف 9 رنز ہی بناسکے،انہیں شاداب خان نے167 کے اسکور پر پویلین کا راستہ دکھایا۔
بنگلادیش کی چھٹی اور اہم وکٹ 197 کے اسکور پر مشفق الرحیم 99 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کا دوسرا شکار بنے، انہوں نے اپنی اننگز کے دوران 116 گیندوں کا سامنا کیا اور 9 چوکے لگائے اور ٹیم کی میچ میں پوزیشن بہتر بنانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔
پاکستان کے لئے ساتویں وکٹ جنید خان نے46 ویں اوور میں حاصل کی،221 کے مجموعی اسکور پر انہوں نے مہدی حسن ( 12 رنز)کو میدان بدر کیا،یہ میچ میں ان کی تیسری وکٹ تھی ۔
جنید خان نے میچ میں اپنا چوتھا شکار محمود اللہ کو بنایا،یوں48 ویں اوورمیں 230 کے اسکور پر بنگلادیش کی 8 وکٹ بھی گر گئی،9ویں وکٹ239 رنز پر گر ی، روبیل حسین 1 رنز بناکر رن آئوٹ ہوگئے۔
بنگلادیش کے کپتان مشرفی مرتضیٰ آئوٹ ہونے والے آخری بیٹسمین تھے، وہ 1 چھکے کی مدد سے 13 بناسکے، ان کی وکٹ حسن علی کے حصے میں آئی۔
پچ اور کنڈیشن کے حوالے سے ماہرین کی رائے ہے کہ آج گرم دن ہے،پچ پر گھاس موجود ہے،پہلے بیٹنگ کرکے 250 سے زائد کا اسکور فائٹرنگ رہے گا۔
آج کے میچ کی فاتح ٹیم 28 ستمبر بروز جمعہ کو بھارت کے خلاف دبئی میں فائنل کھیلے گی،سرفراز الیون نے بنگلادیش کے خلاف ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے،لیفٹ آرم فاسٹ بولر محمد عامر کی جنید خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
آپ کی راۓ