آسٹریلیا کو شکست، سیریز تین صفر سے پاکستان کے نام

29 اکتوبر, 2018

پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں 33 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-3 سے جیت لی۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 150 رنز بنائے اور آسٹریلیا کو جیت کے لئے 151 رنز کا ہدف مقرر کیا۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم117 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور پاکستان نے میچ 33 رنز سے جیت کر مہمان ٹیم کو وائٹ واش کر دیا، یوں سرفراز احمد کی قیادت میں گرین شرٹس نے لگاتار دسویں سیریز اپنے نام کرلی، شاداب مین آف دی میچ جبکہ بابر اعظم مین آف دی سیریز قرار پائے۔

پہلی اننگز میں گرین شرٹس کی طرف سے نمایاں اسکورز میں بابر اعظم 50،صاحبزادہ فرحان 39 رنز پر آئوٹ اور محمد حفیظ 32 رنز کے ساتھ ناقابل شکست شامل تھے۔

آسٹریلیا کی طرف سے کپتان ایرون فنچ اور ایلکس کری نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلے ہی اوور میں ایلکس کری نے عماد وسیم کو 2 چھکے اور اتنے ہی چوکے مارکر 20رنز بٹور لئے۔

دوسرے اوور کی پانچویں گیند پر 24 کے مجموعی اسکور پر فہیم اشرف نے آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کو محمد حفیظ کی مدد سے قابو کرلیا،وہ 1 رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔

24 ہی کے اسکور پر آسٹریلیا کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا،جارحانہ انداز میں کھیل رہے، ایلکس کری کو اس بار محمد حفیظ نے فہیم اشرف کی مدد سے پویلین کا راستہ دکھایا۔

آسٹریلیا کی تیسری وکٹ آٹھویں اوور کی پہلی گیند پر گری، 60 کے مجموعے پر 2چوکوں کی مدد سے 15رنز بنانے والے کرس لیان کو شاداب خان نے میدان سے واپس بھیجا۔

یلو شرٹس کے چوتھے آئوٹ ہونے والے بیٹسمین بین میک ڈورمیٹ تھے، جو 21 کے انفرادی اسکور پر رن آئوٹ ہوئے، یوں 62 کے اسکور پر آسٹریلیا کے 4 بیٹسمین میدان چھوڑ چکے تھے۔

گزشتہ میچ کے نصف سنچری بناکر میچ میں جان ڈالنے والے میکس ویل آج صرف 4 رنز بناسکے، انہیں شاداب خان نے شعیب ملک کی مدد سے قابو کیا، یوں 75 کے مجموعے تک آسٹریلیا کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔

آسٹریلیا کی چھٹی وکٹ مچل مارش کی گری، جو 21 رنز بناکر شاداب خان کا تیسرا شکار بن گئے،ان کا کیچ شعیب ملک نے لیا۔

مہمان ٹیم کی ساتویں وکٹ 99 ہی کے مجموعے پر گرگئی،ڈی آرسی شارٹ 10 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے،شعیب ملک نے میچ میں پہلی وکٹ لینے میں عثمان شنواری کی مدد کی۔

آسٹریلیا کے آٹھویں آئوٹ ہونے والے بیٹسمین ناتھین نائیل تھے وہ بغیر کوئی رنز بنائے رن آئوٹ ہوگئے۔

یلو شرٹس کی نویں وکٹ 108 کے اسکور پر گر گئی،حسن علی نے اینڈریو ٹائی کو آئوٹ کیا۔

آسٹریلیا کی آخری وکٹ 117 کے اسکور پر گری، حسن علی نے زیمپا کو عماد وسیم کی مدد سے قابو کرلیا۔

پاکستان کی طرف سے شاداب خان نے 19 رنز کے عوض 3، حسن علی نے 14 رنز دے کر 2 جبکہ فہیم اشرف، محمد حفیظ اور عثمان شنواری نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter