جاپان کے شہر ٹوکیو میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی آمد پر بھارتی سفارتخانےکے سامنے احتجاج کیا گیا۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ جاپانی وزیراعظم کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کامعاملہ اٹھائیں۔
احتجاجی مظاہرے میں کشمیری، پاکستانی اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
دوسری جانب کشمیر پر بھارتی کنٹرول کے 71برس مکمل ہونے اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جاپان آمد کے موقع پر کشمیری، پاکستانی اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے ٹوکیو میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں بہت بڑی تعداد میں پاکستانی اور کشمیری کارکنوں نے شرکت کی۔
مظاہرے کے شرکاء نے بھارت اور نریندر مودی کے خلاف زبردست نعرے بازی کی، مظاہرے میں شرکت کے لیے جاپان بھر سے لوگوں کی بڑی تعداد پہنچی تھی جبکہ جاپانی پولیس نے زبردست حفاظتی انتظامات بھی کررکھے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے بھارتی سفارتکار کو سفارتخانے سے باہر آنے پر پکڑنے کی کوشش کی تھی جس پر بھارت نے جاپانی حکومت سے زبردست احتجاج بھی کیا تھا لہٰذا اس دفعہ حفاظتی انتظامات انتہائی سخت تھے۔
رہنماؤں نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت اقوام متحدہ میں اپنے وعدوں کی پاسداری کرتے ہوئے کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت دے۔
مظاہرین نے جاپانی حکومت سے بھی بھارتی حکومت پر کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر بند کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے اور کشمیر کے نہتے شہریوں پر پیلٹ گن کے استعمال پر فوری پابندی کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین نے کشمیر کے مسئلے کے حل تک جاپان کی بھارت میں سرمایہ کاری روکنے کا بھی مطالبہ کیا۔
دوسری جانب جاپانی حکومت نے بھارتی وزیر اعظم کو انتہائی سخت سکیورٹی میں سرکاری مصروفیات مکمل کرائیں اور انہیں عوام کے سامنے نہیں آنے دیا تاکہ کسی بھی طرح کی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جاسکے۔
مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جس پر ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘، ’’لے کے رہیں گے آزادی‘‘،’’کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے‘‘ جیسے نعرے درج تھے ،مظاہرین نے مظاہرین نے بھارتی حکومت کی ظالمانہ پالیسوں کے خلاف نعرے بھی لگائے۔
اس سے قبل سینئر کمیونٹی رہنماؤں رئیس صدیقی، رانا ابرار حسین، انعام الحق نے حکومت جاپان کے وزرات خارجہ میں جا کر اعلیٰ حکام کو یاداشت پیش کی جو وزیر اعظم جاپان کو پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
آپ کی راۓ