پاک-نیوزی لینڈ سیریز : پہلا ٹی 20 دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کے نام

1 نومبر, 2018

پاکستان نے پہلے ٹی 20 میچ میں مہمان نیوزی لینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2 رنز سے شکست دے دی۔

پاکستان کے 149 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 146 رنز تک محدود رہی، دونوں ہی ٹیموں کے 6،6 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔

ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم پر کھیلے جانے والے میچ میں سرفراز  الیون نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 148 رنز بنائے۔

گرین شرٹس کی طرف سے محمد حفیظ 45،کپتان سرفراز احمد 34، آصف علی 24کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے گلین فلپس اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا اور پاکستان کی بولنگ لائن کو پر اعتماد انداز میں کھیلا۔

مہمان ٹیم کی پہلی وکٹ 50 کے اسکور پر گری،گلین فلپس 12 رنز بناکر حسن علی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

کولن منرو نے اپنی نصف سنچری مکمل کی، وہ آؤٹ ہونے والے دوسرے بیٹسمین تھے،انہوں نے 58 رنز کی اننگز کھیلی اور شاداب  خان کی گیند پر آصف علی کو کیچ تھما دیا۔

کپتان کین ولیمسن کی اہم وکٹ عماد وسیم کے حصے میں آئی، وہ صرف 11 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

نیوزی لینڈ کے چوتھے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین کولن گرینڈہوم تھے جو 6 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔

مہمان ٹیم کی پانچویں وکٹ 19 ویں اوور کی پہلی اور چھٹی وکٹ آخری گیند پر گری، حسن علی کے ایک ہی اوورز میں دو وکٹیں گر جانے کے بعد میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے روس ٹیلر 42 اور ٹم ساوتھی 5 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ یوں مہمان ٹیم 6 وکٹ پر 146 رنز ہی بناسکی۔

پاکستان کی طرف سے حسن علی نے 3، عماد وسیم اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter