سعودی عرب ، اردن اور کویت میں طوفانی بارشوں سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا، اردن میں سیلاب سے12 افراد ہلاک اور درجنوں لاپتا ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اردن کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں اب تک 12 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ تاریخی مقامات پر موجود سیاحوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔
اردنی حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ سیلاب سے بچنے کیلئے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں ۔
محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جبکہ تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل معطل کرکے وہاں عارضی کیمپس بنائے گئے ہیں۔
سعودی عرب میں گزشتہ 3 روز سے جاری شدید بارشوں کے باعث ڈیمز میں 80 لاکھ مکعب میٹر پانی کا اضافہ ہو گیا ہے۔
سعودی وزارت ماحولیات و پانی و زراعت نے ٹوئٹر کے اپنے اکاؤنٹ میں بتایا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں گزشتہ تین روز سے شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث ڈیمز میں 80 لاکھ مکعب میٹر پانی کا اضافہ ہوگیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 223 ڈیمز ہیں، سب سے زیادہ پانی مدینہ منورہ کے ڈیمز میں جمع ہوا جو 40 لاکھ مکعب میٹر پانی ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ دوسرا نمبر حائل کے ڈیم کا ہے جہاں 14 لاکھ مکعب میٹر پانی ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کویت میں بھی گزشتہ کئی دنوں سے موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ نقصانات کے باعث پبلک ورکس کے وزیرعہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔
کویت میں کابینہ نے موسم کی خراب صورتحال کے پیش نظر تمام وزارتوں اور سرکاری محکموں میں تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
کویت کے وزیر تعلیم کی جانب سے جاری بیان میں تمام تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل معطل رکھنے کا اعلان کیا گیا۔ کویت کی قومی فضائی کمپنی کے مطابق کویت ائیرپورٹ سے کوئی پرواز منسوخ نہیں کی گئی۔
آپ کی راۓ