امریکی نائب صدر مائیک پینس نے میانمار کی رہنما آنگ سانگ سوچی کو باور کرایا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں پر ظلم ناقابل معافی ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی نائب صدر مائیک پینس نے میانمار کی رہنما آنگ سانگ سوچی سے ایشیا پیسفک سمٹ کے دوران ملاقات کی اور روہنگیا مسلمانوں پر میانمار فوج اور شدت پسندوں کے مظالم پر ناکافی تحقیقات پر تشویش کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران امریکی نائب صدر نے آنگ سانگ سوچی پر واضح کیا کہ وہ ناصرف میانمار میں مسلمان اقلیت کو تحفظ دینے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہیں بلکہ اپنی فوج کو ماورائے عدالت اقدام سے بھی نہ روک سکیں، جس سے شدت پسندوں اور فوجیوں کی حوصلہ افزائی ہوئی۔
جس پر میانمار کی رہنما آنگ سانگ سوچی نے وضاحت پیش کی کہ روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے حوالے سے متضاد باتیں مشہور ہیں جن میں مبالغہ آرائی کا عنصر بھی شامل ہے۔میانمار کی حکومت ان مظالم کی تحقیقات اپنے نظام اور قانون کے تحت کر رہی ہے۔
امریکی نائب صدر نے جواب دیا کہ امریکا روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی میں ملوث فوجی اہلکاروں کے خلاف کارروائی کے بارے میں جلد از جلد پیش رفت کا خواہ ہے اور میانمار میں آزاد صحافت کے لیے سازگار ماحول کی عدم فراہمی پر بھی امریکا کو تشویش ہے
آپ کی راۓ