سعودی عرب نے ایک ارب ڈالر کی دوسری قسط پاکستان کو منتقل کردی۔
سعودی پیکج کے تحت یہ دوسری قسط پاکستان کو موصول ہوئی ہے جبکہ ایک ارب ڈالرکی تیسری قسط جنوری کے وسط میں پاکستان کو ملےگی۔
اس سے قبل گذشتہ ماہ نومبر میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے سعودی عرب سے ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط موصول ہونے کی تصدیق کی تھی۔
یہ رقم پاکستان کو موصول ہونے کے بعد اسٹیٹ بینک میں زر مبادلہ کے ذخائر9 اعشاریہ 26 ارب ڈالر ہوگئے۔
واضح رہے کہ 23 اکتوبر کو وزیراعظم عمران خان نے دورہ سعودی عرب کے موقع پر اس بات کا اعلان کیا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کو 12 ارب ڈالر کا امدادی پیکج دینے پر رضا مند ہوگیا ہے۔
سعودی عرب نے اس بات پر آمادگی ظاہر کی کہ وہ پاکستان کے اکاؤنٹ میں 3 ارب ڈالر ایک سال کے لیے ڈپازٹ کرے گا جس کا مقصد ادائیگیوں کے توازن کو سہارا دینا ہے۔
اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا تھا کہ تاخیر سے ادائیگی کی بنیاد پر سعودی عرب پاکستان کو سالانہ 3 ارب ڈالر مالیت کا تیل دے گا اور یہ سلسلہ 3 سال تک جاری رہے گا جس کے بعد اس پر دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔
آپ کی راۓ