سعودی انٹیلی جنس ادارے کی تنظیم ِنو کے لیے سفارشات

شاہد نعیم

21 دسمبر, 2018

سعودی عرب کے سراغ رساں ادارے کی تنظیم ِ نو کے لیے سفارشات مرتب کرنے کی غرض سے قائم کردہ کمیٹی نے جنرل انٹیلی جنس پریذیڈنسی کے موجودہ حالاتِ کار کا تفصیل سے جائزہ لیا ہے اور اس ادارے کی از سرنو تنظیم سازی کے لیے مختصر، قلیل اور طویل المیعاد سفارشات پیش کردی ہیں۔

اس کمیٹی کے متعدد اجلاس منعقد ہوئے ہیں اور ان میں سراغرساں ادارے کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لیا گیا ہے اور اس کے تنظیمی ڈھانچے میں پائے جانے والے سقم  پالیسیوں، طریق کار ، نظم ونسق ،قانونی فریم ورک اور بحالی کے میکانزم میں موجود کمزوریوں اور نقائص کی نشان دہی کی گئی ہے۔

اس کمیٹی نے جنرل انٹیلی جنس پریذیڈنسی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ادارے میں بہتری کے لیے بعض فوری نوعیت کے حل تجویز کیے ہیں اور ان کی منظوری دی ہے۔اس نے اس ضمن میں حسب ذیل سفارشات پیش کی ہیں:

1۔عمومی حکمتِ عملی وضع کرنے کے لیے ایک ترقیاتی شعبہ قائم کیا جائے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ تمام انٹیلی جنس کارروائیاں صدارتی اور قومی سلامتی کی حکمتِ عملی کے مطابق ہوں اور انھیں جنرل انٹیلی جنس کے سربراہ سے مربوط کیا جائے۔

2۔نظامت عامہ برائے قانونی امور کاقیام، یہ نظامت انٹیلی جنس کارروائیوں کا بین الاقوامی قوانین ،منشوروں اور انسانی حقوق کی روشنی میں جائزہ لے گی اور انھیں جنرل انٹیلی جنس کے سربراہ سے مربوط بنائے گی۔

3۔کارکردگی کے جائزے اور داخلی حسابات کے لیے شعبے کا قیام ،یہ شعبہ انٹیلی جنس کارروائیوں کا جائزہ لے گا، ان کی منظور شدہ طریق کار کے مطابق ہونے کی تصدیق کرے گا اور اپنے کام سے متعلق جنرل انٹیلی جنس کے سربراہ کو رپورٹ کرے گا۔

4۔انٹیلی جنس سرگرمی کمیٹی کو فعال بنانا اور اس کے کاموں کے لیے ایک میکانزم کا قیام،یہ کمیٹی سپرد کردہ امور کو انجام دینے کے لیے مناسب صلاحیت کار کی جانچ کرے گی اور ان کا ابتدائی جائزہ لے گی۔

سعودی عرب کا کہنا ہے کہ وہ سرکاری نظام کے قیام کے لیے اپنے اداروں کی تنظیم نو اور ترقی کا عمل جاری رکھے گا ۔ بالخصوص سیکورٹی اور انٹیلی جنس سروسز کو بہتر بنائے گا تاکہ وہ بہترین بین الاقوامی معیار کے مطابق کارکردگی کا عملی مظاہرہ کریں۔

مملکت سعودی عرب نے اس عزم کا بھی اظہار کیا ہے کہ وہ مقامی اور بین الاقوامی سطح پر عرب اور اسلامی دنیا میں مملکت کے قائدانہ کردار کے مقاصد کے حصول کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter