ریاض(24 فروري 2019ء ) وزارت تجارت و سرمایہ کاری کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ جو شخص سجل تجاری کی خلاف ورزی کی اطلاع دے گا یعنی ایسے سعودی جو غیر مُلکیوں کو اُن کے نام سےکاروبار کرا رہے ہیں، اُن کے بارے میں اطلاع دینے والے کو انعام سے نوازا جائے گا۔ لیکن ایسا اسی صورت میں ہو گا کہ اگر اطلاع درست ثابت ہو۔ مخبر کوسعودی اور اُس غیر مُلکی دونوں پر ناجائز کاروبار کے جُرم میں عائد کیے گئے جُرمانے کی کُل رقم کا 30 فیصد بطور انعام دیا جائے گا۔اس مقصد کے لیے وزارت نے سعودیوں اور غیر مُلکیوں سے کہا ہے کہ وہ سجل تجاری کی اس خلاف ورزی کی اطلاع 1900 یا ’بلاغ تجاری‘ ایپ یا وزارت کی ویب سائٹ پر دے سکتے ہیں۔ اس حوالے سے ایوانِ شاہی نے پیش کردہ سفارشات کی منظوری دے دی ہے۔
چند روز قبل سعودی مملکت میں وزارت تجارت کے انسپکٹروں نے بنگلہ دیشی اور سعودی شہری کو گرفتار کر کےعدالت میں پیش کر دیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق دمام کا رہائشی سعودی شہری مُوسیٰ بن احمد الحسین، بنگلہ دیشی شہری محمد جمال کو اپنے نام سے کھانے پینے کی اشیاء کاکاروبار کرا رہا تھا۔ اس بارے میں کسی مقامی شہری نے وزارت تجارت و سرمایہ کاری کو مخبری کر دی جس پر وزارت تجارت نے ان کی دُکان پر چھاپہ مارااور پْوچھ گچھ کی تو یہ ثابت ہو گیا کہ سعودی شہری نے بنگلہ دیشی کو اپنے نام سے کاروبار کرا رکھا تھا۔فوجداری عدالت نے پیش کیے گئے ثبوتوں کی بناء پر مُوسیٰ الحسین اور محمد جمال کے کاروبار کو بند کرنے، کاروبار کی منسوخی، لائسنس ختم کر کے سجل تجاری واپس لینے کا حکم سُنا دیا۔جبکہ دونوں ملزمان کے خرچے سے ان کے جرم کی مقامی اخبارات میں تشہیر بھی کروائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ دونوں افراد پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ عدالت نے بنگلہ دیشی کو مملکت سے بے دخل کر کے اُس کے آئندہ مملکت میں داخلے پر پابندی بھی عائد کر دی ہے۔واضح رہے کہ اگر کوئی غیر مْلکی سجل تجاری کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا جاتا ہے تو اسے مملکت سے ڈی پورٹ کرنے کے بعداس کا مملکت میں دوبارہ داخلہ ممنوع کر دیا جاتا ہے۔ گزشتہ ماہ بھی ایک پاکستانی اور سعودی شہری کو قانونِ تجارت کی خلاف ورزی پر سزا سْنائی گئی تھی۔ جس میں پاکستانی شہری کو مملکت سے ڈی پورٹ کر دیا گیا تھا۔
آپ کی راۓ