ممبئی – بھارتی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار فاسٹ باؤلر محمد شامی کے خلاف مبینہ طور پر اہلیہ کو تشدد کا نشانہ بنانے کے مقدمے میں وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے۔ محمد شامی کو ان کی اہلیہ کی جانب سے ہراساں کرنے کے الزامات اور دیگر جرائم پر مقدمہ درج کیے جانے کے بعد 15 روز کے اندر بھارت کی عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے یا پھر انہیں گرفتاری کا سامنا ہوگا۔محمد شامی بھارتی ٹیم کے ہمراہ ویسٹ انڈیز میں موجود ہیں جہاں وہ ٹیسٹ ٹیم کا حصہ ہیں، جبکہ عدالت نے ان کی غیر حاضری میں حکم جاری کردیا۔فاسٹ باؤلر کی اہلیہ حسین جہاں کے وکیل ذاکر حسین کا کہنا تھا کہ ‘شامی کو کلکتہ کی عدالت میں پیش ہونے اور ضمانت کی اپیل دائر کرنے کے لیے سمن جاری کردیا گیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ ‘اگر شامی حکم کی تعمیل میں ناکام ہوتے ہیں تو عدالت نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ انہیں گرفتار کرلیا جائے۔ایک سینئر پولیس افسر کا کہنا تھا کہ انہیں تاحال عدالت کے حکم کی کاپی موصول نہیں ہوئی۔محمد شامی کے خلاف اہلیہ پر تشدد کا مقدمہ مغربی بنگال کی پولیس نے رواں برس مارچ میں درج کیا تھا۔
آپ کی راۓ