پاکستان کرکٹ کے لیجنڈ، دنیائے کرکٹ کے مایہ ناز اسپنر عبدالقادر کو میاں میر قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
دنیائے کرکٹ عظیم کرکٹر سے محروم ہو گئی، سابق لیجنڈری لیگ اسپنر عبدالقادر کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کیا گیا۔
عبدالقادر کی نمازِ جنازہ کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، قومی کرکٹ ٹیم کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی ۔
اسپنر عبدالقادر کی نمازِ جنازہ بعد نماز عصر لاہور کے میاں میر دربار بارہ دری گراؤنڈ میں ادا کی گئی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، اظہر علی، بابر اعظم، کامران اکمل، توصیف احمد سمیت بڑی تعداد میں کرکٹرز، معروف شخصیات، رشتے داروں اور مداحوں نے عبدالقادر کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔
نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد لیجنڈ کرکٹر عبدالقادر کو میاں میر قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
گوگلی ماسٹر عبدالقادر 63 برس کی عمر میں گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے کے باعث حرکتِ قلب بند ہوجانے سے انتقال کر گئے تھے۔
عبدالقادر کے انتقال کی خبر پھیلتے ہی ان کی رہائش گاہ پر تعزیت کے لیے کرکٹ کے حلقوں کے افراد، عزیز، رشتے داروں اور مداحوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔
لندن میں مقیم عبدالقادر کے بیٹے عمران قادر کے لاہور پہنچنے پر ان کی تدفین سہ پہر کے وقت رکھی گئی تھی۔
عبدالقادر کے انتقال پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیرِ اعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اظہارِ افسوس کیا ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر اور لیگ اسپن بولنگ میں استاد کا درجہ رکھنے والے عبدالقادر کے انتقال پر بھارت سمیت دیگر غیر ملکی کھلاڑیوں نے گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اسپن باؤلنگ کے جادوگر، گگلی کے موجد سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر 63سال کی عمر میں حرکت قلب بند ہونے کے سبب انتقال کر گئے، ان کی موت کی خبر سن کر جہاں پاکستان بھر کے کھلاڑی، سماجی و سیاسی شخصیات اور عوام گہرے دکھ میں ہیں وہیں غیر ملکی کھلاڑیوں نے بھی اُن کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق بھارتی کھلاڑی بشن سنگھ بیدی نے عبدالقادر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’عبدالقادر اب اس دنیا میں نہیں ہیں، کرکٹ کی دنیا میں اُن کی اسپن خدمات کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔ اس کے علاوہ آپ نے پاکستان میں جو دیگر خدمات انجام دیں وہ بھی یاد رہیں گی۔
انہوں نے مزید لکھا کہ اللہ رحم کرے، عبدالقادر کے گھر والوں کو وہ دلی تعزیت پیش کرتے ہیں۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سچن ٹنڈولکر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر عبدالقادر کی کھیلتے ہوئے ایک تصویر شیئر کی اور ساتھ میں لکھا کہ ’انہیں وہ وقت یاد ہے جب انہوں نےعبدلقادر کے خلاف کھیلا تھا، وہ اپنے وقت کے بہترین اسپنرز میں سے ایک تھے۔ اُن کے اہل خانہ کو میں دلی تعزیت پیش کرتا ہوں۔‘
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ اور کھلاڑی انیل کمبلے نے اپنے ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں عبدالقادر کے اچانک انتقال کی خبر سن کر افسوس ہوا، عبدالقادر ایک بہترین لیگ اسپنر تھے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی سنجے سبرامنین نے سماجی رابطے کے ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ انہوں نے عبدالقادر کے ساتھ ایک لمبا عرصہ گزارا۔ وہ لاجواب بولر اور ایک بہترین لیگ اسپنر تھے۔
بھارت سمیت دیگر ممالک کے کھلاڑیوں نے بھی عبدالقادر کے انتقال پر تعزیت کی ہے، پاکستانی نژاد جنوبی افریقی اسپنر عمران طاہر نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں اپنے گرو اور سرپرست عبدالقادر صاحب کے انتقال کا سن کر انتہائی دکھ ہوا۔ وہ ایک ایسے شخص تھے جو ہمیشہ نہ صرف کرکٹ بلکہ زندگی کے ہر موڑ پر میری رہنمائی کرتے تھے۔
عمران طاہر نے مزید لکھا کہ وہ بہت سے لوگوں کےلیے باپ کی مانند تھے ، اُن کے حسن سلوک کی وجہ سے انہیں ہمیشہ یادرکھا جائے گا۔ اللہ انہیں جنت میں جگہ دے۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی فلپ ڈیفریٹاس نے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر لکھا کہ انہیں یہ سن کر بہت دکھ ہوا ہے کہ ایک بہترین لیگ اسپنر عبد القادر کا انتقال ہوگیا ہے۔ وہ عبدالقادر کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں۔
آپ کی راۓ