ایشانت شرما نے پوچھا وکٹ لینے کا راز تو ٹیم انڈیا کے تیز گیند باز محمد سمیع نے کہا : بریانی اور اللہ کا کرم

17 نومبر, 2019

اندور / ایجنسی

اندور ٹیسٹ میں ہندوستان کی بنگلہ دیش کے خلاف اننگز اور 130 رن کی جیت میں تیز گیند باز کا بڑا کردار رہا ۔ ایشانت شرما ، امیش یادو اور محمد سمیع کی جوڑی نے بنگلہ دیشی ٹیم کو تین دن کے اندر نمٹا دیا اور ہندوستان کو آسان جیت دلادی ۔ اس میچ میں ہندوستانی تیز گیند بازوں کے کھیل کے سامنے اسپنرس بی پھیکے پڑگئے ۔ ایسا کافی کم دیکھا گیا ہے کہ جب ہندوستانی پچوں پر اسپنرس کے موازنہ میں تیز گیند بازوں نے اپنا جلوہ بکھیرا ہو ۔ لیکن ابھی جس فارم میں ایشانت ، امیش اور سمیع ہیں ، ان کے سامنے اشون اور جڈیجہ کی ضرورت نہیں پڑی ۔ ہندوستانی تیز گیند بازی یونٹ نے اندور ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کے 20 میں سے 14 وکٹ جھٹکے ۔ اندور ٹیسٹ کے تیسرے دن پہلے سیشن میں کپتان وراٹ کوہلی نے سارے اوورس اپنے تیز گیند بازوں سے ہی کرائے تھے ۔

میچ جیتنے کے بعد ایشانت شرما ، محمد سمیع اور امیش یادو نے اپنی اپنی کامیابی کے بارے میں اسٹار اسپورٹس سے بات چیت کی ۔ تینوں گیند بازوں نے ایک دوسرے کی تعریف کی اور کہا کہ مل جل کر کھیلنے سے اچھی کارکردگی ہورہی ہے ۔ اس دوران ایشانت شرما نے محمد سمیع کی ٹانگ کھینچی ۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں پوچھا کہ ایسا کیا کرتے ہو کہ ہر گیند میں وکٹ ملتی ہے ۔ ایشانت نے کہا کہ میں سمیع سے پوچھتا ہوں کہ وہ ایسا کیا کررہا ہے ، جب پیڈ پر لگتی ہے تو آوٹ کردیتا ہے ، بلے باز پل مارتا ہے تو آوٹ ہوجاتا ہے ۔ میں اس سے پوچھ رہا ہوں کہ ایسا کیا کررہا ہے ۔ ہمیں بھی بتادیں کہ ہم تو بلے بازوں کو چکمہ دے دے کر پریشان ہیں ، یہ ایسی کون سی چیز کررہا ہے ۔

ایشانت کے مذاق پر سمیع نے کہا کہ میرے دماغ میں رہتا ہے کہ میں کوچ اور کپتان کی طرف سے آزاد ہوں ، باقی آپ لوگ ہیں جو مجھے آزاد رہنے دیتے ہیں اور زیادہ سوچنے نہیں دیتے ۔ ایشانت نے کہا کہ ایسی آزادی تو ہمارے پاس بھی ہے ، جس پر محمد سمیع نے جواب دیا کہ میں جو کرنا چاہتا ہوں ، میں وہی کررہا ہوں ، میں اچھی جگہ پر رکھ رہا ہوں ۔ آپ لوگ میرا کام آسان کردیتے ہیں ۔

ایشانت شرما نے پھر سوال کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھی وہی کرتے ہیں ، میں کچھ اور پوچھ رہا ہوں اور تم کچھ اور جواب دے رہے ہو ، ہم بھی اچھی جگہ پر گیند بازی کررہے ہیں ، لیکن تم مارتے ہو تو پیڈ پر تو نیچے لگ جاتی ہے اور ہم مارتے ہیں تو چوک جاتی ہے ۔ ایسا کیوں ؟ ۔ اس سوال کے جواب پر محمد سمیع نے کہا کہ دیکھو لوگوں نے کہا ہے کہ یہ بریانی کا کمال ہے اور اس کے علاوہ اللہ تعالی کا کرم ہے ۔ ایک چیز ہے کہ میں جس لائن اور لینتھ پر گیند بازی کرنا چاہتا ہوں ، گیند وہیں پڑ رہی ہے اور مجھے اسی سے کامیابی مل رہی ہے تو میں اسے اعادہ کرنے کی کوشش کرتا ہوں ۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter