دہلی اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی زبردست جیت نے نہ صرف دہلی بلکہ یوپی میں پارٹی کارکنان میں زبردست جوش بھر دیا ہے ۔ خاص طور پر یوپی میں آئندہ اسمبلی انتخابات کو پیش نظر رکھتے ہوئے اب پارٹی کے مقامی ذمہ داران اور کارکنان نے کمر کس لی ہے اور زمینی سطح پر پارٹی کیڈر کو مضبوط کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں ۔ میرٹھ میں پارٹی کے مقامی ذمہ داران اور کارکنان اب لوگوں کو پارٹی سے جوڑنے کے لئے محلہ مہم کی شروعات کرنے جا رہے ہیں ۔
اس مہم کے تحت پارٹی کارکنان جہاں ممبرشپ کیمپوں کے انعقاد کے ذریعہ لوگوں کو پارٹی سے جوڑنے کی کوشش کریں گے ، وہیں بوتھ سطح پر کیڈر کو مضبوط کرنے کے لئے نوجوانوں کو پارٹی سے جوڑنے کی کوشش بھی کریں ۔ عام آدمی پارٹی کے ریاستی نائب صدر اور مقامی ذمہ داران کے مطابق دہلی انتخابات کے بعد اب پارٹی کی توجہ مکمّل طور پر پنجاب اور یوپی کے آئندہ انتخابات پر مرکوز ہے ، جس کی تیاری کا خاکہ تیار کیا جا رہا ہے ۔ بنیادی طور پر پارٹی دہلی کو رول ماڈل کے طور پر پیش کرکے صوبائی سطح پر عوام کی ضروریات کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنا منشور تیار کرے گے ۔
عام آدمی پارٹی کے ذمہ داران کے مطابق دہلی میں بجلی ، پانی اور تعلیم جیسی بنیادی ضرورتوں کو پورا کرنے کی کوششوں کو آج اترپردیش کے عوام بھی نہ صرف دیکھ رہی ہیں ، بلکہ متاثر بھی ہورہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اب یہاں کے لوگ عام آدمی پارٹی کو ان ریاستوں میں بھی ایک بہتر متبادل کے طور پر دیکھ رہے ہیں ۔ عوام کے اس رخ کو دیکھتے ہوئے اب پارٹی ہائی کمان یوپی میں کیڈر کو مضبوط کرنے کے ساتھ لیڈرشپ میں بھی ایماندار لوگوں کو آگے لانے کی کوشش کر رہا ہے ۔
آپ کی راۓ