جدہ(17 اپریل 2020ء ) ممتاز سعودی عالم شیخ عبداللہ المنیع نے فتویٰ دیا ہے کہ لوگ ٹیلی ویژن پر امام کو نماز کی امامت کراتے دیکھ کر اس کے ساتھ نمازپنجگانہ ادا نہیں کر سکتے۔ نہ ہی آن لائن امام کی آواز سُن کر اس کے پیچھے نماز ادا کی جا سکتی ہے۔ سعودی اخبار عکاظ کے مطابق شیخ عبداللہ المنیع کا کہنا تھا کہ شریعت اسلامی میں ہزاروں کلومیٹر کے فاصلے پر موجود امام کی اقتدا ء میں نماز پنجگانہ ادا کرنے کی کوئی اجازت نہیں ہے۔نماز کے لیے بنیادی شرط یہی ہے کہ امام اور مقتدی ایک ہی مقام اور ایک احاطے میں موجود ہوں، یا پھر جہاں نماز پڑھی جا رہی ہے اس مقام یا گھر کی دیواریں عبادت گاہ کے احاطے کے ساتھ مشترک ہوں۔ واضح رہے کہ سعودی عالم عبداللہ المنیع نے اپنے کچھ عرصہ قبل ایک بیان میں کہا تھا کہ زندہ کافر (غیر مسلم)کو دوزخی کہنا اور زندہ مسلمانوں کو جنتی کہنا شریعت کی رُو سے جائز نہیں ہے۔
شیخ المنیع کا کہنا تھا کہ کسی بھی زندہ کافر کو دوزخی قرار دینا اسلام کی رْو سے جائز نہیں ہے۔ اسی طرح کسی زندہ مسلمان کو جنتی کہنا بھی جائز نہیں۔ کیونکہ ایسا کرنے والا دراصل اللہ تعالیٰ کے اختیارات کو چیلنج کررہا ہوتا ہے۔ایک ٹی وی پروگرام کے دوران انہوں نے ایک حدیث شریف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رسول کریم کا ارشاد ہے کہ ایک انسان اہلِ جنت جیسے کام کرتا رہتا ہے یہاں تک کہ اس کے اور جنت کے درمیان بالشت بھر فاصلہ نہیں رہ جاتا مگر اس پر نوشتہ تقدیر غالب آجاتا ہے اور وہ دوزخیوں جیسے کام کرنے لگتا ہے اور اس (دوزخ) میں داخل ہوجاتا ہے جبکہ ایک انسان اہل دوزخ جیسے کام کرتا رہتا ہے یہاں تک کہ اس کے اور دوزخ کے درمیان بالشت بھر فاصلہ رہ جاتا ہے مگر اس پر نوشتہ تقدیر صادق آجاتا ہے اور وہ اہل جنت جیسے کام کرکے جنت میں چلا جاتا ہے۔انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کیونکہ اللہ جب چاہتا ہے کسی انتہائی گناہ گار اور کافر کو پل بھر میں ایمان کی حرارت سے نواز دیتا ہے جبکہ کسی بڑے پرہیزگار سے وقت آخرایسا کبیرہ گْناہ سرزد ہو جاتا ہے جس کے باعث اْس سے جنت کی رحمت دْور ہو جاتی ہے۔
آپ کی راۓ