یورپین ممالک کا فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضہ روکنے کا مطالبہ

25 جون, 2020

بروسلز / ایجنسیاں

  پچیس یورپین ممالک کے 1080 ممبران پارلیمنٹ نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینی علاقوں پر مجوزہ قبضے کو مسترد کرتے ہو ئے اسے روکنے کا مطالبہ کردیا۔

یورپین قیادت سمیت یورپین یونین کی دیگر حکومتوں کے نام لکھے جانے والے خط میں ممبران پارلیمنٹ نے کہا کہ ہم یورپ بھر میں پھیلے ہوئے پارلیمانی ممبران  ’قواعد کے تحت‘ چلتے ہوئے گلوبل آرڈر کے لیے پرعزم ہیں۔

ہمیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان امن کے حصول کی اس تجویز پر شدید تشویش ہے جس کے تحت اسرائیل کو یہ حق دیا جا رہا ہے کہ وہ ویسٹ بینک کے علاقوں کو اسرائیل میں ضم کرلے۔

اپنے خط میں ممبران پارلیمنٹ نے یورپین قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس حوالے سے پہل کرتے ہوئے اس قبضے کو رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے کیونکہ اس سے ناصرف فلسطین کی خود مختاری بے معنی ہوجائے گی بلکہ دو ریاستی حل کے ذریعے خطے میں پائیدار امن کے تصور کو بھی نقصان پہنچے گا۔

ممبران پارلیمنٹ نے اپنے خط میں اس حوالے سے یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے یورپین قیادت سے کہا کہ 2020 میں طاقت کے بل بوتے پر علاقوں پر جبری قبضے کے تصور کیلئے کوئی جگہ نہیں اور اس عمل کے نتائج ہونے چاہئیں ۔

انہوں نے لکھا کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو اس سے علاقائی مسائل رکھنے والی ریاستوں کی اس بات کیلئے حوصلہ افزائی ہوگی کہ وہ بھی بین الاقوامی قوانین کا احترام نہ کریں ۔

ممبران پارلیمنٹ نے کہا کہ قواعد کے تحت چلنے والی دنیا یورپ کی اپنی طویل مدتی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ ہے ۔ خط میں ان ممبران پارلیمنٹ کی جانب سے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مزید تحریر کیا گیا کہ یہ معاملہ بھی کورونا وبا سے نمٹنے کے عمل سے کم خطرناک نہیں ہے۔

ایک تنازع کے دیرپا حل کیلئے بھی یہ ضروری ہے کہ اس میں فلسطینیوں کے تحفظ کی جائز امنگوں اور ان کے اسرائیل کے مقابلے میں برابر حقوق کی بھی ضمانت دی گئی ہو۔

یاد رہے کہ اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو نے اعلان کر رکھا ہے کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے اسرائیل میں انضمام کیلئے یکم جولائی کو اپنی پارلیمنٹ میں قرارداد پیش کریں گے ۔

اس حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اسرائیل کی حمایت کرتے ہوئے تجویز دی ہے کہ اسے ویسٹ بینک کے 30 فیصد حصے کو اپنے اندر شامل کر لینا چاہیے ۔

اس خط پر دستخط کرنے والوں میں مختلف ملکوں کی پارلیمنٹس میں موجود 13 پارٹی لیڈرز ، مختلف پارلیمانی خارجہ امور کمیٹی کے 5 سربراہان اور یورپین پارلیمنٹ سمیت 16 پارٹی پارلیمنٹری لیڈرز شامل ہیں

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter