نيويارك/ ايجنسى
امریکا میں نومبر کے صدارتی انتخاب کے لیے ہونے والے ٹرمپ کے ساتھ پہلے مباحثے کے دوران ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے ان شاء اللّٰہ کے الفاظ کہے۔
امریکا میں صدارتی انتخاب کے پہلے مباحثے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جب اپنے ٹیکس گوشوارے جلد ظاہر کرنے کا اعلان کیا تو ان کے حریف جوبائیڈن نے کب، کب کا سوال کیا۔
ٹرمپ کی جانب سے واضح تاریخ نہ بتائے جانے پر طنز کرتے ہوئے جو بائیڈن نے ان شاء اللّٰہ کے الفاظ بھی کہہ دیئے۔
ڈیمو کریٹ امیدوار کی جانب سے ان شاء اللّٰہ کے الفاظ کا یہ استعمال سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔
پہلے صدارتی مباحثے میں گالم گلوچ اور طوفان بدتمیزی کا مظاہرہ بھی دیکھنے میں آیا، جس کے دوران ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی کوشش میں ساری حدیں پار کر لی گئیں۔
امریکی صدر ٹرمپ اور حریف جوبائیڈن نے ایک دوسرے پرالزامات کی بوچھاڑ کر دی۔
جوبائیڈن نے ٹرمپ کو شٹ اپ کال دی تو ٹرمپ نے بائیڈن کو ماضی یاد دلا کر جھڑک دیا۔
ٹرمپ نے کہاکہ شاید انتخابی نتائج آنے میں کئی ماہ لگ جائیں۔
جوبائیڈن نے کہاکہ وہ نتائج تسلیم کر لیں گے، ٹرمپ نے سوال کا جواب نہیں دیا۔
جوبائیڈن نے کہا کہ ہر شخص جانتا ہے کہ ٹرمپ جھوٹے ہیں، ٹرمپ صحت سے متعلق مسائل پر جھوٹ بولتے رہے، ٹرمپ کے پاس ہیلتھ کیئر سے متعلق کوئی پلان نہیں، ٹرمپ کو معلوم ہی نہیں ہوتا کہ وہ کیا بات کر رہے ہیں۔
جوبائیڈن نے کورونا وائرس کی وباء سے اموات اور کیسز میں اضافے کا ذمے دار ٹرمپ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے اسکول ٹیچر سے بھی کم ٹیکس دیا۔
انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مسخرہ، نسل پرست اور روسی صدر کی کٹھ پتلی کہہ ڈالا۔
امریکا کے صدر ٹرمپ نے بائیڈن کو ماضی یاد دلا کر جھڑک دیا، خبر دار کیا کہ ان کے سامنے اسمارٹ کا لفظ استعمال نہ کریں۔
ٹرمپ نے کہا کہ جوبائیڈن شٹ ڈاؤن کر کے معیشت تباہ کر دیں گے، بائیڈن چھوٹے ایونٹس اس لیے کر رہے ہیں کیونکہ لوگ ان کے جلسوں میں آتے ہی نہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کے لیے بہترین اقدامات کیئے، امریکی معیشت کو تاریخ کی بلند ترین سطح پر لے گئے، جب ضرورت پڑتی ہے تو ماسک پہنتے ہیں، انہوں نے ماسک نکال کر بھی دکھایا۔
ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ چین، بھارت اور روس کورونا وائرس کے مریضوں کی صحیح تعداد نہیں بتا رہے، بائیڈن کو میڈیا میں بہتر جگہ ملتی ہے، مجھے نہیں ملتی، مگر مجھے پرواہ بھی نہیں۔
ساڑھے 7 سو ڈالر ٹیکس کے سوال پر ٹر مپ نے کہاکہ میں نے لاکھوں ڈالر ٹیکس دیا۔
آپ کی راۓ