ممبئی/ ايجنسى
بھارت میں معروف ٹی وی چینلز پر ناظرین کو پیسے دے کر ٹی وی چینلز کی ریٹنگ بڑھانے کا الزام سامنے آیا ہے، پولیس نے چینلز کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہے۔
مودی حکومت کے حامی ٹی وی چینل ری پبلک ٹی وی سمیت 3 چینلز کے خلاف ٹیلی ویژن ریٹنگ پوائنٹ (ٹی آر پی) میں گڑبڑ کرنے کے الزامات کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
ممبئی پولیس کمشنر پرم بیر سنگھ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ری پبلک ٹی وی اور مراٹھی زبان کے دو ٹی وی چینلز کے خلاف ثبوت ملے ہیں کہ انہوں نے اپنی ریٹنگ بڑھانے کے لیے ٹی آر پی میٹرز والے گھروں کو پیسے دیے تاکہ وہ ان کے چینلز کو مسلسل ٹی وی پر آن رکھیں۔
پرم بیرسنگھ نے بتایا کہ ٹی آر پی میں ہیر پھیر کر کے اشتہارات کی مد میں کروڑوں روپے اضافی کمائے جاتے ہیں، ان الزامات پر دونوں مراٹھی چینلز کے مالکان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ ری پبلک ٹی وی کے ڈائریکٹر اور پروموٹر کو تحقیقات کے لیے طلب کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ بھارت کے معروف ٹی وی میزبان ارناب گوسوامی ری پبلک ٹی وی کے سربراہ اور اس کے شریک مالک بھی ہیں۔
ممبئی پولیس کمشنر کے مطابق ممبئی شہر میں ریٹنگ کی جانچ کے لیے 2 ہزار میٹرز لگائے گئے ہیں اور ان چینلز کے نمائندے ان میٹرز والے گھروں میں جاکر ان لوگوں کو ہر ماہ 400 سے 500 روپے دیتے تھے تا کہ وہ جعلی طریقے سے ٹی آر پی بڑھانے میں مدد کریں۔
واضح رہے کہ ٹی آر پی ٹی وی چینلز کی مقبولیت اور اس کے ناظرین کی تعداد بتانے کا پیمانہ ہے اور اس کے ذریعے طے ہوتا ہے کہ کونسا ٹی وی چینل عوام میں زیادہ معروف اور پسندیدہ ہے اور اسی بنیاد پر انہیں اشتہارات دیے جاتے ہیں۔
آپ کی راۓ