لکھنؤ/ ایجنسی
بھارت میں ایک شخص کی تین بیویوں نے اُس کے لیے کرواچوتھ کا برت رکھ کر اُس کی لمبی عمر اور تندرست زندگی کے لیے دُعا کی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی ریاست اُتر پردیش میں ایک دلچسپ منظر اُس وقت دیکھنے کو ملا جب کرشنا نامی شخص کی تین بیویوں نے اپنے شوہر کے لیے کرواچوتھ برت رکھ کر ایک ساتھ چھلنی سے اُس کا چہرہ دیکھ کر برت کھولا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کرشنا کی تینوں بیویاں شوبھا، رینا اور پنکی سگی بہنیں ہیں اور ان تینوں بیویوں کے دو، دو بچے ہیں جبکہ کرشنا کی یہ تینوں بیویاں ایک ساتھ ایک ہی گھر میں رہتی ہیں۔
بھارتی میڈیا نے جب اس حوالے سے کرشنا کی تینوں بیویوں سے بات کرنے کی کوشش کی تو اُنہوں نے انکار کردیا تاہم اُن کے ایک قریبی رشتہ دار نے بتایا کہ یہ تینوں بیویاں ہم اہنگی کے ساتھ رہتی ہیں جبکہ آج تک ان کے درمیان شوہر سے متعلق کسی قسم کا کوئی اختلات نہیں دیکھا گیا۔
کرشنا کے رشتہ دار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے توقع نہیں کی تھی کہ یہ شادی برقرار رہے گی لیکن کرشنا نے ہمیں کبھی بھی وجہ نہیں بتائی کہ اُس نے ایک ہی تقریب میں تین بہنوں سے شادی کیوں کی جبکہ ان کی شادی کو 12سال ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ کرواچوتھ ہندو مذہب کا ایک تہوار ہے، اس دن شادی شدہ اور غیر شادی شدہ خواتین اپنے شوہر یا منگیتر کی صحت، تندرستی اور طویل عمر کے لیے برت (روزہ) رکھتی ہیں اور سارا دن کچھ نہیں کھاتیں۔
دن مکمل ہونے پرخواتین دلہن کی طرح سج دھج کر چاند کو چھلنی کے ذریعے دیکھ کر اپنے مطلوبہ شخص کی شکل دیکھنے کے بعد برت (روزہ) کھول لیتی ہیں۔
آپ کی راۓ