نئی دہلی: بہار اسمبلی انتخابات کے نتائج نے ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ بہار کی عوام کی نبض پکڑنا کسی بھی ایگزٹ پول کے بس کی بات نہیں ہے۔ بہار انتخابات کے بعد آئے ایگزٹ پول نے بھلے ہی عظیم اتحاد کے سر پر جیت کا سہرا باندھ دیا ہو، لیکن حقیقت اس کے برخلاف ہے۔ بہار میں ایک بار پھر این ڈی اے کی حکومت بن چکی ہے اور نتیش کمار اگلے پانچ سالوں کے لئے وزیر اعلیٰ کی کرسی پر بیٹھنے کو تیار ہیں۔ واضح رہے کہ بہار اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے کو 125 سیٹیں، عظیم اتحاد کو 110 سیٹیں، ایل جے پی کو ایک جبکہ دیگر کے کھاتے میں 7 سیٹیں گئی ہیں۔
بہار میں ایک بار پھر نتیش کمار نے ثابت کردیا کہ ان کا انتظام وانتصرام بہار کی عوام کو پسند ہے اور وہاں کے لوگ ابھی بھی ان پر بھروسہ کرتے ہیں۔ حالانکہ اس الیکشن کو پوری طرح سے نتیش کمار کے حق میں کرنے کا سہرا وزیر اعظم نریندر مودی کو جاتا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جس طرح سے بہار میں انتخابی ریلیاں کیں، اس کے بعد سے این ڈی اے پر بہار کے عوام کا بھروسہ بڑھ گیا۔ وزیر اعظم نے لوگوں کو آگاہ کیا کہ ان کا ووٹ ایک بار پھر بہار میں جنگل راج لا سکتا ہے۔ وزیر اعظم مودی کی یہی بات شاید بہار کے عوام کے دل میں گھر کر گئی۔ اس کے بعد الیکشن کے دن جو ہوا وہ آج سب کے سامنے ہے۔
عظیم اتحاد کے کھاتے میں 110 سیٹیں گئی ہیں۔ عظیم اتحاد میں آرجے ڈی کے کھاتے میں 75 سیٹیں جبکہ 19 سیٹیں کانگریس کو ملی ہیں۔ اس اتحاد کی دیگر پارٹیوں میں سی پی آئی ایم ایل کو 12 سیٹیں جبکہ سی پی ایم کو دو سیٹیں ملی ہیں جبکہ سی پی آئی کے کھاتے میں دو سیٹیں گئی ہیں۔ اس الیکشن میں سب سے خراب کارکردگی ایل جے پی کی رہی۔ چراغ پاسوان کی قیادت میں اس بار کا الیکشن لڑ رہی ایل جے پی کو صرف ایک سیٹ ملی ہے۔
آپ کی راۓ