بیجنگ / ایجنسیاں
چین نے دنیا بھر کے ممالک کو فراہم کرنے کے لیے کورونا وائرس کی ویکسین کی لاکھوں خوراک تیار کر لیں۔
چین کے شینجن ایئر پورٹ پر محفوظ انداز میں کورونا وائرس کی ویکسین کی دیگر ممالک کو ترسیل یقینی بنائی جا رہی ہے۔
کورونا وائرس کی ویکسین کے گوداموں میں داخلے کے لیے ہر فرد کا 2 ہفتے کا قرنطینہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
چین کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ دنیا بھر کے مختلف ممالک سے کورونا وائرس کی ویکسین کے آرڈر ملتے ہی یہ ویکسین ان کی جانب روانہ کر دی جائے گی۔
چین کا مزید کہنا ہے کہ ویکسین کی فراہمی کارگو جیٹ طیاروں کے ذریعے کی جائے گی جہاں اس ویکسین کو کنٹرولڈ درجۂ حرارت میں رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ 1 ارب 43 کروڑ سے زائد آبادی والے ملک چین میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا، چین اس فہرست میں 72 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے، جہاں کورونا مریضوں کی تعداد 86 ہزار 551 ہو چکی ہے تاہم اس سے ہونے والی اموات کی تعداد 4 ہزار 634 پر رکی ہوئی ہے۔
دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 کروڑ 41 لاکھ 94 ہزار 692 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 14 لاکھ 86 ہزار 829 ہو گئیں۔
کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 1کروڑ 82 لاکھ 65 ہزار 754 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 1 لاکھ 6 ہزار 60 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 4 کروڑ 44 لاکھ 42 ہزار 109 کورونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
آپ کی راۓ