نتیش کمار کا بڑا بیان ، کہا : نہیں بننا چاہتا تھا وزیر اعلی ، دباو میں قبول کیا عہدہ

28 دسمبر, 2020

پٹنہ / ایجنسی

ساتویں مرتبہ بہار کے وزیر اعلی بنے نتیش کمار نے اتوار کو بڑا بیان دیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ وزیر اعلی بننے کی مجھے ذرہ برابر بھی خواہش نہیں تھی ، لیکن مجھ پر دباو ڈالا گیا تو میں نے وزیر اعلی کا عہدہ قبول کرلیا ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی وزیر اعلی بنے ، کسی کو بھی وزیر اعلی بنا دیا جائے ، مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑنا ہے ، اس عہدہ پر بنے رہنے کی مجھے ذرہ برابر بھی خواہش نہیں ہے ۔

خیال رہے کہ بہار اسمبلی انتخابات 2020 کی تشہیری مہم کے دوران ایک مرتبہ نتیش کمار نے ایک عوامی ریلی میں یہ بھی کہا تھا کہ یہ میری آخری الیکشن ہے ، اس وقت بھی سیاست سے ان کی دلچسپی ختم ہوجانے کی بات سامنے آئی تھی ۔ اس مرتبہ کے بیان کو بھی عوام اسی طرح دیکھ رہے ہیں ۔ حالانکہ اس مرتبہ کے بیان کے بعد کانگریس نے نتیش کمار پر حملہ بول دیا ہے ۔

نتیش کمار کے بیان پر بہار کی سیاست گرماگئی ہے۔ ان کے بیان پر کانگریس کے ترجمان راجیش راٹھوڑ نے کہا کہ نتیش کمار ناٹک کررہے ہیں ۔ انہوں نے پوچھا کہ نتیش کمار کو کوئی زبردستی وزیر اعلی کیوں بنائے گا ؟ 2014 میں لوک سبھا انتخابات ہارنے کے بعد بھی نتیش کمار نے جیتن رام مانچھی کو وزیر اعلی بنایا تھا ، لیکن بعد میں خود وزیر اعلی کی کرسی پر بیٹھ گئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ مینڈیٹ بہار کے عوام نے تیجسوی یادو کے حق میں دیا تھا ، نتیش زبردستی وزیر اعلی بنے ہوئے ہیں ۔

ادھر نتیش کمار کے بیان پر جے ڈی یو نے وضاحت پیش کی ہے ۔ پارٹی کے ترجمان راجیو رنجن نے کہا کہ نتیش کو عہدہ کی کوئی لالچ نہیں ہے ۔ عوام کی خواہش پر پھر سے وزیر اعلی بنے ہیں ۔ عوام کے جذبات کا نتیش کمار نے اس مرتبہ بھی احترام کیا ہے ۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter