واشنگٹن/ايجنسى
امریکا میں ٹرمپ کے حامیوں کی ہنگامہ آرائی میں خاتون سمیت 4 افراد کی ہلاکت کے بعد واشنگٹن کی میئر موریل باؤزر نے شہر میں پبلک ایمرجنسی نافذ کر دی۔
امریکی میڈیا کے مطابق میئرموریل باؤزر نے نومنتخب صدر جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری تک امن و امان برقرار رکھنے کیلئے ایمرجنسی نافذ کی ہے۔
میئر موریل باؤزر کاکہنا ہے کہ ایمرجنسی کا نفاذ 21 جنوری تک ہوگا۔
امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق نومنتخب صدر جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری 20 جنوری کو ہوگی۔
دوسری جانب خبر ایجنسی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی سینیٹ نے ریاست پنسلوانیا کے انتخابی نتائج پر ٹرمپ اتحادیوں کا اعتراض مسترد کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا کے نو منتخب صدر جو بائیڈن کی انتخابات میں جیت کی توثیق کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی بے قابو ہوگئے اور امریکی پارلیمنٹ کی عمارت کیپیٹل پردھاوا بول دیا۔
مظاہرین لاٹھی، ڈنڈے اور جھنڈے لیے عمارت میں گھس گئے، توڑ پھوڑ کی اور پولیس سے جھڑپوں میں کئی اہلکار زخمی ہوئے جس کے بعد پولیس کو شیلنگ کرنا پڑی ، ارکان کانگریس عمارت میں محصور ہوگئے، کرسیوں کے پیچھے چھپ کر جانیں بچائیں۔
امریکی پارلیمنٹ عمارت پر صدر ٹرمپ کے حامیوٕں کی ہنگامہ آرائی کے بعد واشنگٹن ڈی سی میں کرفیو نافذ کر دیا گیا، کرفیو پورے شہر پر لاگو ہو گا۔
آپ کی راۓ