آسٹریلیا سے واپسی پر محمد سراج ایئرپورٹ سے سیدھے والد کی قبر پر پہنچے

22 جنوری, 2021

حيدرآباد/ ايجنسى

آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پر شکست دیکر جمعرات کو واپس پہنچنے والی بھارتی کرکٹ ٹیم جب بھارت پہنچی تو ٹیم کے اس سخت ٹور سے تھکے ماندے کھلاڑی تو سیدھے اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے۔

دوسری جانب بھارتی ٹیم کے ایک کھلاڑی ایسے بھی تھے جو کہ گھر جانے کے بجائے اپنے ایک نہایت ہی اہم کام کی انجام دہی کے لیے گھر کے بجائے سیدھے ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدر آباد دکن کے راجیو گاندھی انٹر نیشنل ائیرپورٹ شمس آباد سے خیرات آباد قبرستان پہنچے۔

 یہ بھارتی فاسٹ بولر محمد سراج تھے جو کہ اس 63 روزہ ٹور کے دوران اپنے والد کی وفات اور آخری رسومات میں شریک نہ ہونے پر دکھی تھے۔

یاد رہے کہ اس ٹور میں وہ بھارت کے سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے اور انھوں نے تین ٹیسٹ میچز میں 14 وکٹیں حاصل کیں۔

محمد سراج کے 53 سالہ والد 20 نومبر 2020 کو پھیپھڑوں کی بیماری کی وجہ سے انتقال کرگئے تھے اور سراج آسٹریلیا میں ہونے کی وجہ سے والد کی تدفین میں شریک نہیں ہوسکے تھے۔ اور یہی وجہ تھی کہ وہ جیسے ہی حیدر آباد پہنچے تو سیدھے اپنے والد محمد غوث کی قبر پر فاتحہ خوانی کے لیے روانہ ہوگئے۔

سراج کے والد ان کے آسٹریلیا جانے کے ایک ہفتے بعد انتقال کرگئے تھے اور جس وقت یہ خبر آسٹریلیا پہنچی تو سراج سڈنی کے بلیک ٹائون اوول گراؤنڈ میں پریکٹس سیشن میں شریک تھے۔

پریکٹس سیشن کے بعد کوچ روی شاستری اور کپتان ویرات کولہی نے انھیں والد کے انتقال کی اطلاع دی، تاہم سراج کورونا وائرس کی پابندیوں کی وجہ سے بھارت واپس نہیں پہنچ سکے۔ 

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter