بھارت کو ٨٠ میٹرک ٹن آکسیجن کا ہدیہ سعودی عرب کی عظیم انسانیت نوازی

27 اپریل, 2021
سدھارتھ نگر/ پریس ریلیز
ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر، یوپی کے ناظم اعلیٰ مولانا وصی اللہ عبدالحکیم مدنی نے سعودی عرب کی بے مثال انسانی خدمت پر اظہار خیال کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ پوری دنیا میں مملکت توحید سعودی عرب ایک ایسا ملک ہے جو خدمت خلق، انسانی ہمدردی و غم خواری، فراخ دلی، سخاوت و فیاضی اور انسانیت نوازی میں اپنی مثال آپ ہے۔
تاریخ شاہد ہے کہ جس ملک میں بھی کوئی آسمانی و زمینی آفت اور پریشانی آتی ہے، سب سے پہلے سعودی عرب وہاں کے پریشان حال اور متاثرین انسانوں کی خبر گیری کرتا ہے اور اپنی وسعت و طاقت سے زیادہ ایثار و قربانی اور انسانی ہمدردی کے جذبہ سے سرشار ہوکر اخلاقی و مالی تعاون پیش کرتا ہے۔ حالیہ دنوں میں وبائی مرض کورونا وائرس کی دوسری لہر کی خطر ناکی سے بہت سارے لوگ لقمہ اجل بن گئے اور بہترے افراد آکسیجن گیس کی شدید قلت کے باعث موت و حیات کے کشمکش میں مبتلا ہیں۔
قابل مبارکباد ہیں سعودی عرب کے عظیم حکمران خادم الحرمين الشريفين عزت مآب جناب سلمان بن عبدالعزيز، ولی عہد محمد بن سلمان، وزرائے مملکت اور ان کے دیگر شاہی مصاحبین و معاونین حفظھم الله وتولاهم جنھوں نے موجودہ وقت کی ابتری و سنگینی کے پیش نظر 80MT (میٹرک ٹن) آکسیجن گیس ہمارے ملک عزیز ہندوستان کو بطور امداد عطا کیا ہے جسے اڈانی گروپ کے تعاون سے سعودی عرب میں واقع ہندوستان کی سفارت خانے نے سعودی وزارت صحت کے اس گراں قدر عطیہ کو سمندری جہازوں کے ذریعہ ہندوستان روانہ کردیا ہے۔
 امیر جمعیت مولانا محمد ابراہیم مدنی صاحب نے اپنے تاثراتی بیان میں کہا کہ سعودی عرب کا یہ قدم لائق تحسین اور قابل فخر کارنامہ ہے جسے تاریخ کے اوراق میں سنہرے الفاظ میں لکھا جائے گا، راقم سطور اس قابل رشک انسانی خدمت پر اپنی مسرت و شادمانی کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر کے تمام ذمہ داران، عہدے داران اور عزیزان وطن کی جانب سے موجودہ سعودی حکومت کی خدمت میں ارمغان تشکر و امتنان پیش کرتے ہوئے اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ بار الہا مملکت توحید سعودی عرب کو تمام شرور و فتن اور برادرانِ یوسف کی ریشہ دوانیوں سے ہمیشہ محفوظ رکھ، حاقدین و معاندین انسانیت کی خفیہ سازشوں کو خاک میں ملا دے اور موذی و مہلک مرض کورونا کو  پوری دنیا سے ختم کردے۔ آمين!
(مولانا) محمد ابراہیم مدنی (امیر جمعیت)
 راقم : وصی اللہ عبدالحکیم مدنی
ناظم ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر، یوپی

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter