لاہور/ ايجنسى
سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نےبھارت میں کورونا سے متاثرہ افراد کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پیغام میں شاہد آفریدی نے کہا کہ ’بھارت سے آنے والی خبروں پر کافی افسوس ہے ، ہماری دعائیں بھارتی عوام کے ساتھ ہیں ، شاہد آفریدی فائونڈیشن کی جانب سے اس مشکل میں بھارتی عوام کی مدد کو تیار ہیں ‘۔
یاد رہے کہ بھارتی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ رات 2 ہزار 767 افراد ہلاک ہوئے، ایک ارب 30 کروڑ کی آبادی پر مشتمل ملک بھارت میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 69 لاکھ کیسز اور ایک لاکھ 92 ہزار 311 اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔ وبائی امراض کے ماہرین کا کہنا ہے کہ وائرس کی زیادہ متعدی اقسام میں ایک بھارتی قسم بی 1.6.1.7 بھی شامل ہے جس نے وائرس کے پھیلاؤ کو مزید ہوا دی ہے۔
نئیدہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ڈاکٹروں کو معلوم ہوا ہے کہ ایک مریض اب 10 رابطوں میں سے نو میں وائرس منتقل کر رہا ہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں چار گنا زیادہ ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے تمام شہریوں کو ویکسین لگوانے اور احتیاط برتنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ انفیکشن کے ‘طوفان نے بھارت کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ واضح رہے کہ نریندر مودیکی حکومت کو رواں سال کے آغاز میں بڑے مذہبی اور سیاسی اجتماعات کی اجازت دینے اور صحت کے نظام کو بہتر نہ کرنے پر سخت تنقید کا سامنا ہے۔
آپ کی راۓ