جامعہ سلفیہ بنارس کے سابق شیخ الجامعہ مولانا نعیم الدین مدنی کا انتقال پر ملال؛ ہند و نیپال کے علمی و دینی حلقے سوگوار

نماز جنازہ آبائی گاوں بھٹ پرا ضلع سدھارتھ نگر میں بعد نماز عصر ادا کی جائے گی

22 اگست, 2021

نئی دہلی/ کیئر خبر

جامعہ سلفیہ بنارس کے استاذ مولانا اسعد اعظمی کے مطابق جامعہ کےسینیر استاد وسابق شیخ الجامعہ جامعہ سلفیہ بنارس مولانا نعیم الدین مدنی گزشتہ شب دہلی کے ایمس میں دوران علاج  ۱۲ بجے اس دار فانی سے کوچ کر گئے.

إنا للہ وانا الیہ راجعون
اللهم اغفر لہ وارحمہ

یہ خبر ہند و نیپال کے علمی و دینی حلقوں میں بجلی بن کر گری۔۔ ایک چہیتے و محبوب استاذ عالم دین اور داعی کے رخصت ہو جانے پر علمی دنیا خصوصا سوگوار ہے۔

رمضان المبارک کے کچھ پہلے آپ بخار کے عارضہ میں مبتلا ہوئے. اس وقت آپ جامعہ میں مقیم تھے. پھر افاقہ ہوا اور رمضان کی تعطیل میں گھر تشریف لے گئے. لیکن وقتا فوقتاً بخار عود کر آتا. شوگر کے بھی مریض تھے اور مسلسل علاج کرتے رہتے تھے.

آپ کا مقامی ڈاکٹروں کے ذریعہ علاج جاری تھا. کبھی کچھ افاقہ محسوس ہوتا تو کبھی بیماری میں اضافہ. نقاہت دن بہ دن بڑھتی جا رہی تھی. عید کے بعد اپنے ایک صاحب زادے کو لے کر جامعہ حاضر ہوئے. دو تین دن کے بعد ہی اہلیہ کے انتقال کی خبر آئی اور آپ گھر واپس چلے گئے.

ایک ہفتہ کے بعد دوبارہ جامعہ تشریف لائے اور آن لائن درس وتدریس کا کام کرتے رہے. اوائل اگست میں گھر گئے. عید الاضحٰی کے بعد بیماری اور نقاہت میں اضافہ ہونے پر علاج کے لیے گورکھپور لے جائے گئے. چند روز کے بعد کسی طرح کا افاقہ نہ ہونے کے سبب دہلی لے جائے گئے. علاج جاری تھا. لیکن:
وإذا المنية أنشبت أظفارها
ألفيت كل تميمة لا تنفع

آج بتاريخ 22 اگست نصف شب  آپ داعی اجل کو لبیک کہہ گئے.

مولانا اس سال صحيح بخاری، صفوۃ السیرۃ النبویۃ، ادیان وفرق، البلاغۃ الواضحۃ اور شذا العرف کا درس دے رہے تھے.

موصولہ اطلاعات کے مطابق نماز جنازہ آبائی گاوں بھٹ پرا ضلع سدھارتھ نگر یو پی میں بعد نماز عصر ادا کی جائے گی۔

اپنے استاذ محترم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوۓ کئیر خبر کے چیف ایڈیٹر عبد الصبور ندوی نے کہا کہ مولانا مرحوم کی شخصیت مثالی تھی ہر کسی کے چہیتے تھے درس و تدریس کا نرالا انداز تھا؛ عظیم المرتبت تھے محبت و شفقت کا پیکر تھے ۲۰۱۵ میں خادم الحرمین الشریفین کی ضیافت میں ہند و نیپال سے عمرہ کے لئے وفد مکہ پہنچا تو استاذ محترم کی معیت میسر ہوئی اور دوران قیام انتھائی محبانہ ودوستانہ انداز رہا اور خوب دعاؤں سے نوازا؛ آج ایسی شخصیت کے رخصت ہوجانے پر دل غمزدہ ہے۔
اللہ تعالیٰ آپ کی مغفرت فرمائے، آپ کا نعم البدل عطا فرمائے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور اہل خانہ اور جملہ پس ماندگان کو صبر جمیل کی توفیق عطا فرمائے.

 

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter