كابل/ ايجنسى
طالبان لیڈر شیر محمد عباس استینکزئی نے ہندستان اور پاکستان کے تعلقات کو لیکر بڑا بیان دیا ہے۔ استینکزئی نے کہا کہ ہندستان اور پاکستان کو اپنے اندرونی معاملات میں افغانستان کا استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ مانا جا رہا ہے کہ استینکزئی کابل میں طالبان حکومت کے تحت خارجہ امور سنبھال رہے ہیں۔ سي اين اين کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں استینکزئی نے کہا کہ طالبان اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔
طالبان حکومت کے ہندستان کے ساتھ تعصبانہ دشمنی رکھنے یا پاکستان کے ساتھ ملی بھگت سے ہندستان کو نشانہ بنانے کے امکان کے بارے میں پوچھے جانے پر استینکزئی نے کہا کہ "میڈیا میں آنے والی کچھ خبریں غلط ہیں۔” انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی ایسا بیان نہیں دیا اور نہ ہی ہماری طرف سے ایسا کوئی اشارہ دیا گیا ہے۔ ہم اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔
طالبان لیڈر نے کہا کہ وہ ہندستان اور پاکستان کے درمیان طویل عرصے سے جاری جغرافیائی اور سیاسی تنازع سے آگاہ ہیں۔ تاہم طالبان کو امید تھی کہ افغانستان کو دونوں ممالک کے اندرونی معاملات میں استعمال نہیں کیا جائے گا۔ استینکزئی نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ وہ افغانستان کو اپنے اندرونی معاملات کے لیے استعمال نہیں کریں گے۔ ان کے درمیان ایک لمبی سرحد ہے۔ دونوں ممالک اپنی سرحد پر لڑ سکتے ہیں۔ لیکن انہیں اس کے لیے افغانستان کا استعمال نہیں کرنا چاہیے اور ہم کسی بھی ملک کو اس کے لیے اپنی زمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
آپ کی راۓ