یوپی: ضلع سدھارتھ نگر کے بعض مواضعات میں سیلاب سے کافی نقصان
ضلعی جمعیت اھل حدیت سدھارتھ نگر کے ذمہ داروں نے سیلاب متاثرین کے لیے دعائیں اور ریلیف پہنچانے کی اپیل کی -
سدھارتھ نگر/ کئیر خبر
یوپی کے ضلع سدھارتھ نگر کے بعض مواضعات میں سیلاب سے آئی تباھی اورمالی نقصان پر ضلعی جمعیت اھل حدیت سدھارتھ نگر نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئےلوگوں کو ریلیف پہنچانے کی اپیل کی ہے
ضلعی جمعیت اھل حدیت سدھارتھ نگر کے
ناظم اعلیٰ مولانا وصی اللہ عبدالحکیم مدنی نے ” کئیر خبر، کاٹھمانڈو ” کے نمائنده کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ شدید طوفانی سیلاب نے ضلع سدھارتھ نگر میں بعض مواضعات کے باشندگان کوحددرجہ متاثر کردیا ہے ابھی تک سیلاب کا پانی ان کے کھیتوں میں جمع ھوا ہے جس کی وجہ سے دھان کی فصل کا کافی نقصان ہونے کا قوی اندیشہ ہے،
ایسے پریشان حال اور مشکلات سے دوچار لوگوں کے لئے پرخلوص دعائیں کرنا، اپنی بساط اور وسعت وطاقت کے مطابق ان کی مالی امداد کرنا اور ارباب ثروت وغم گسارانِ قوم وملت کو تعاون کرنے کی تحریض، ترغیب اور تلقین کرنا ھماری دینی وسماجی ذمہ داری کے علاوہ باعث اجر وثواب اور ارشاد ربانی وفرمان مصطفی کے عین مطابق نہایت ہی عمدہ اور قابل رشک کام ہے-
مولانا وصی اللہ مدنی نے قرآن کریم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں :
"اے ایمان والو! تم اپنے رب کے لئے رکوع اور سجدہ کرو اور اسی کی عبادت کرو اورکارخیر (نیک کام) کرتے رہو تاکہ تم کامیاب ہوجاؤ-"
انھوں نے متفق علیہ حدیث رسول پیش کیا :
ارشاد نبوی ہے :
"جو شخص اپنے بھائی کی ضرورت کو پورا کرے گا، اللہ اس کی ضرورت کو پورا کرے گا”
امیر جمعیت مولانا محمد ابراہیم مدنی نے عمائدین جماعت، غم گسارانِ قوم وملت اورکشادہ دل اہل خیر حضرات سے درد مندانہ گزارش کی ہے کہ آپ تمامی حضرات ضلع سدھارتھ نگر میں سیلاب سے متاثرلوگوں کے لئے خلوص دل سے ان کے لیے دعائیں کریں اور اپنی استطاعت کے مطابق دامے درمے دل کھول کر ان کا تعاون کریں، آج وہ آپ کی خصوصی توجہ اور انسانی خدمت کے محتاج ہیں، خدمت خلق عظیم نیکی اور ھماری ایمانی غیرت کا تقاضہ ہے، اگر آج آپ ان ضرورت مندوں وپریشان حال لوگوں کی مدد کے لیے آگے بڑھیں گےتو کل اللہ آپ کی بھی حاجت وضرورت کو پورا کرے گا، میں آپ حضرات کو یقین دلاتا ہوں کہ پوری ذمہ داری کے ساتھ آپ کی اعانت اور گراں قدر امدادی رقوم مستحقین تک پہنچائی جائے گی،
ان شاء الله تعالى ۔
ناظم جمعیت کے نائبین مولانا عبدالرب سلفی، مولانا سعود اختر سلفی،رفیع احمد (لوی)کے علاوہ دیگر ذمہ داران وکارکنان صاحبان نےمحسنین کرام سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے ان لوگوں کو دعائیں دیں جو اس انسانی جذبہ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں،
آپ کی راۓ