سدھارتھ نگر /
جمعیت اہل حدیث ضلع سدھارتھ نگر کے ارکان مجلس عاملہ کی میٹنگ بتاریخ ٢١/ اکتوبر ٢٠٢١ء. بروز جمعرات بعد نماز ظہر جامع مسجد اھل حدیت صدر دفتر ضلعی جمعیت اھل حدیت سدھارتھ نگر منعقد ہوئی، جس کی صدارت امیر جمعیت شیخ محمد ابراہیم مدنی / حفظه الله نے فرمائی اور کاروائی ناظم جمعیت مولانا وصی اللہ مدنی نے چلائی،میٹنگ کا آغاز مولانا عبدالحکیم سلفی صاحب کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، بعدازاں ناظم جمعیت نے میٹنگ میں شریک تمام قابل قدر ارکان عاملہ کا استقبال کیا اور ان کی تشریف آوری کا شکریہ ادا کیا، اس کے بعد صدر مجلس مولانا محمد ابراہیم مدنی صاحب نے توجیہی وارشادی اور نصیحتی کلمات پیش فرماتے ہوئے اراکین و کارکنان سے جمعیت کی کارکردگی کو مزید فعال و موثر بنانے کی اپیل کی، فرمایا کہ آپ وقت کی قربانی پیش کرتے ہیں اور اپنے قیمتی اوقات میں سے جمعیت و جماعت کی فلاح وبہبود کے لیے بھی وقت نکالتے ہیں اس کے لیے میں بحیثیت خادم جمعیت اپنی طرف سے اور دیگر ذمہ داروں کی جانب سے آپ کی خدمت میں دل کی اتھاہ گہرائیوں سے ہدیہ تشکر و امتنان پیش کرتے ہیں، بہت سارے افراد جو بوجوہ جمعیت سے دور ہیں انہیں رکنیت دے کر جمعیت سے ان کا رشتہ مضبوط کیا جائے۔آپ نے مزید فرمایا کہ دعوت الی اللہ کا کام منظم انداز میں کرنے کی ضرورت ہے اس لیے باہم ایک دوسرے کا تعاون کرکے دعوتی منصوبہ کو عملی جامہ پہنایا جائے، آخر میں آپ نے لاک ڈاؤن میں ہم سے رخصت ہوجانے والے علماء و دعاۃ کے لیے دعائے مغفرت کی بیماروں کے لیے شفایابی کی دعا کی،
بعدہ یکے بعد دیگرے میٹنگ کے ایجنڈوں پر گفتگو ہوئی:
ایجنڈہ کے پہلے دفعہ:”گذشتہ کارگزاری اور کاروائی کی خواندگی اور توثیق” کے تحت ناظم جمعیت نے گذشتہ کاروائی کی خواندگی کی، تمام حاضرین نے خاموشی کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تائید کی اور امیر محترم نے دستخط فرماکر اس کی توثیق فرمائی۔
ایجنڈہ کے دوسرے دفعہ:”حلقہ واری جمعیات کی کارکردگی کا جائزہ” کے تحت حلقہ واری جمعیتوں کو اپنی دعوتی وتبلیغی رپورٹ پیش کرنے کی دعوت دی گئی، حلقہ نوگڑھ کے ناظم مولانا محمد ہاشم سلفی اپنے والد محترم کی بیماری کے باعث میٹنگ میں شرکت نہیں کرسکے ان کے علاوہ تمام حلقوں کے نظماء اور حلقہ ڈومریا گنج کے امیر مولانا محمد اسرائیل سلفی نے اپنی دعوتی وتبلیغی سرگرمیوں کی رپورٹ زبانی پیش کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کے باوجود ھم لوگ بقدرِ استطاعت وامکان دعوتی پروگرام کا انعقاد کرتے رہیں ہیں،
تمام حلقوں میں حلقہ اٹوا و شہرت گڑھ کی دعوتی کارکردگی نمایاں اور لائقِ ستائش رہی وہاں سب سے زیادہ دعوتی وإصلاحی اجتماعات منعقد ہوئے ہیں-
ایجنڈہ کے تیسرے دفعہ :” ضلعی جمعیت کی کارکردگی” کے تحت ناظم جمعیت مولانا وصی اللہ مدنی نے کہا:
کہ سخت لاک ڈاؤن اور کرونا بیماری کے باعث بڑے پیمانے پر اورتسلسل کے ساتھ دعوتی وتبلیغی پروگرام کا انعقاد کرنے سے قاصر رہے البتہ میں نے تمام حلقوں کے نظماء سے بذریعہ واٹس ایپ یہ گذارش کی کہ حسب استطاعت اور سہولت نصف شبی دعوتی وتبلیغی اجتماع کا اھتمام کریں،اللہ کا شکر وإحسان ہے کہ اکثر حلقوں کے نظماء نے میری اس آواز پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے اپنے اپنے حلقوں میں دعوتی وإصلاحی اجتماعات کا انعقاد کرتے رہے-
مالی بحرانی کے باوجود سابقہ روایت کے پیش نظر2021ء کا معلوماتی، خوش نما اور دیدہ زیب کلینڈر کی طباعت عمل میں لائی گئی اور پورے ضلع میں تقسیم کرائی –
لاک ڈاؤن کی وجہ سے مکاتب اسلامیہ سے منسلک علماء مالی پریشانی سے دوچار تھے، ایسے مفلوک الحال اہل علم کی مالی اعانت کی خاطر انفرادی واجتماعی اور سوشل میڈیا پر اہل خیر حضرات سے مالی تعاون پیش کرنے کی مخلصانہ گزارش کی گئی، اللہ کے فضل وکرم اور مخلص ذمہ داران جمعیت کی کاوشوں سے تقریباً 175علماء،ائمہ، خطباء اور بیمار اہل علم کے درمیان مالی امداد تقسیم کی گئی
ماہ جولائی کے اوائل میں مولانا ابوالخیر ارشد سلفی کی بحیثیت داعی ومبلغ تقرری کی گئی وہ اپنی مفوضہ ذمہ داری کو بحسن وخوبی انجام دئے رہے ہیں،
ضلعی جمعیت کے مبلغین وارگنائرز کے ذریعہ ضلع کے تمام اہل حدیث مساجد کی ڈائریکٹری تیار کرائی جارہی ہے
ارکان مجلس عاملہ کی خواہش اور مشورہ کے مطابق دو واٹس ایپ گروپ مجلس شوری اور مجلس عاملہ کے نام سے بنایا گیا تاکہ بیک وقت تمام اراکین کو دعوت نامہ بھیجنے اور ضلعی جمعیت کی سرگرمیوں سے آگاہ کرنے میں سہولت وآسانی ہو-ضلعی سطح پر سیلاب سے متاثر 240سے زائدکنبوں کے درمیان مالی امداد تقسیم کی گئی ہے، ولله الحمد والمنة
ایجنڈہ کے چوتھے دفعہ:”مکاتب اسلامیہ کے طلبہ و طالبات کے مابین سالانہ تعلیمی مظاہرہ اور مسابقہ کے انعقاد پر غور اور تاریخ کی تعیین” کے تحت تمام اراکین نے حالات کے پیش نظر رواں سال میں تعلیمی مظاہرے اور مسابقے کو ملتوی کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ جب تک حالات معمول پر نہیں آجاتے پروگرام نہ کیا جائے۔
ایجنڈہ کے پانچویں دفعہ” ٢٠٢٢ء کے کلینڈر کی طباعت اور فنڈ کی فراہمی پر تبادلہ خیال” کے تحت یہ بات طے پائی کہ سابقہ روایت کے مطابق کلینڈر دیدہ زیب اور جاذب نظر ہو۔ بعض ارکان کی جانب سے یہ مشورہ آیا کہ جمعیت کا کلینڈر بہت کارآمد اور معلوماتی ہوتا ہے ساتھ ساتھ اگر ایک کالم یادداشت کا رکھا جائے جس میں لوگ اپنی اپنی مصروفیات مستقبل کے امور کو قلم بند کرسکیں تو مزید بہتر ہوجائے گا۔ فنڈ کی فراہمی میں ضلعی جمعیت کے ساتھ ساتھ تمام اکائیوں سے درخواست کی گئی کہ وہ اس فنڈ میں اپنا گراں قدر تعاون پیش فرمائیں۔
اس کے بعد چھٹے ایجنڈہ ” جمعیت کی سرگرمیوں کو مزید فعال و سرگرم بنانے پر غور و خوض” کے تحت درج ذیل امور طے پائے:
تمام ارکان جمعیت بالخصوص کارکنان، ضلعی جمعیت کے مبلغین وآرگنائزر حضرات دروس قرآن و احادیث کا اہتمام لازمی طور پر کریں۔
دروس و خطبات کے لیے بشرط وسائل جزء وقتی دعاۃ کی تقرری عمل میں لائی جائے۔
مبلغین و آرگنائزر حضرات کا ایک واٹس ایپ گروپ بنایا جائے تاکہ ان کا کام منظم ہوسکے۔
ضلع کے تمام مساجد کے ائمہ کے موبائل نمبرات کو حاصل کیا جائے اور ائمہ مساجد ضلع سدھارتھ نگر نام سے واٹس ایپ گروپ تشکیل دی جائے، تاکہ موقع بہ موقع ان کی فکری تربیت اور علمی مدد کی جاسکے نیز خطبات جمعہ کے لیے مواد فراہم کیا جا سکے۔
دیگر امور باجازت صدر کے تحت ان مکاتب ومدارس اور رفاہی اداروں کے سلسلے میں بحث ہوئی جو ابھی زیر تعمیر ہیں یا ان کی تعمیر کا منصوبہ بنایا گیا ہے، شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے جمعیت نے فیصلہ کیا کہ اس کی تحقیق اور حلقہ کے ذمہ داران کے مشورے اور سوسائٹی کے رجسٹریشن کی کاپی دیکھ کر توصیات و تزکیات دیے جائیں۔
امیر محترم کے اختتامی کلمات اور دعاء کفارة المجلس کے ساتھ مجلس کے اختتام کا اعلان کیا گیا –
آپ کی راۓ