سماجی کارکن جناب حامد انصاری سپردخاک

2 نومبر, 2021

سدھارتھ نگر/ کیئر خبر

دینی حلقوں میں یہ خبر نہایت ہی رنج و الم کے ساتھ سنی گئی کہ معروف عالم دین اور ضلعی جمعیت اہل حدیث ضلع سدھارتھ کے سابق ناظم اعلی جناب مولانا عبدالمنان سلفی رحمہ اللہ کے سمدھی جناب حامد انصاری رحمہ اللہ کا ایک مختصر علالت کے بعد 75 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ إنا لله وإنا إليه راجعون
موصوف صوم و صلوۃ اور سنن و فرائض کے بڑے پابند اور نہایت ہی خلیق و ملنسار تھے، موصوف کے اندر دینی اور جماعتی حمیت کوٹ کوٹ کر بھری تھی۔
آپ کا آبائی وطن کونکٹی چوراہا تھا، لیکن کسی وجہ سے مسنا خاص نزد پتھرا بازار ضلع سدھارتھ نگر میں کئی برسوں اپنی مستقل جائے اقامت بنا لی تھی اور وہیں آباد ہو گئے تھے۔
یوں تو آپ باقاعدہ کسی مدرسہ کے فارغ تو نہیں تھے، لیکن ابتدائی جماعت کی کتابیں مثلاً گلستاں بوستاں، تیسیر المبتدی اور کچھ اردو کتابیں ازبر یاد تھیں، اردو اور فارسی کے ان گنت اشعار یاد تھے، موقع و محل کے حساب سے اشعار پڑھتے اور گنگناتے رہتے تھے اور دیگر لوگوں کو بھی دینی باتوں سے مستفید کرتے رہتے تھے۔
مسنا بازار کی اہل حدیث مسجد میں کبھی کبھار اذان دیتے اور لوگوں کی امامت بھی کرتے تھے، اسی طرح رفاہی و سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔
اپنے گاؤں میں سلفی منہج کے مطابق چلنے والے مکتب کے قیام کے لیے آپ اپنے علاقہ کی معروف عملی درس گاہ جامعہ اسلامیہ دریا آباد ضلع سنت کبیر نگر کا متعدد مرتبہ سفر کیا۔
اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے نیز تمام پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خدمات کو صدقہ جاریہ بنائے۔ آمین!
ان کی نماز جنازہ المعہد الإسلامی اکرہرا کھجوریا کے سابق صدر المدرسين جناب مولانا عبداللہ سراجی نے پڑھائی۔ نماز جنازہ میں علماء و طلبہ کی ایک کثیر تعداد کے ساتھ بہت ساری سیاسی شخصیات اور علاقہ و جوار کے بہتیرے لوگوں نے شرکت کی اور پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا۔ اللہ لوگوں کی حاضری کو قبول فرمائے۔ آمین!
ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر کے ناظم اعلیٰ جناب مولانا وصی اللہ مدنی اور ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر کے نائب ناظم مولانا سعود اختر سلفی اور بعض دوسرے ارکان جمعیت نے پسماندگان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے موصوف کے لیے دعائے مغفرت کی اپیل کی ہے۔
نماز جنازہ میں شرکت کرنے والے چند شخصیات کے اسمائے گرامی کچھ اس طرح ہیں : ڈاکٹر سعید احمد اثری، مولانا عبدالنور سراجی، ماسٹر عبدالحسیب (دفتری جامعہ سراج العلوم السلفیہ جھنڈا نگر نیپال)، مولانا شفیع اللہ مدنی، مولانا وصی اللہ مدنی، مولانا عبداللہ سراجی
مولانا محمد اکرم عالیاوی، مولانا سعود اختر سلفی، مولانا ہلال ہدایت سلفی، مولانا عتیق الرحمن سراجی، مولانا عرفان سراجی، حماد عبدالمنان سراجی، حامد عبدالمنان سلفی، عبدالکریم، شمس الرحمن؛ اسعد انصاری، حمود منان اور عبدالمعید وغیرہم۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter