ئی دہلی : اترپردیش میں 10 مارچ کو آنے والے نتائج کا سبھی کو انتظار ہے ۔ اس درمیان یوپی انتخابات کو لے کر آئے زیادہ تر ایگزٹ پول میں اترپردیش میں بی جے پی کی سرکار بنتی دکھ رہی ہے ۔ ایگزٹ پول کے ذریعہ نتائج پر ایک مرتبہ پھر سے سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھیلیش یادو کا رد عمل سامنے آیا ہے ۔ ایس پی سربراہ اکھیلیش یادو نے کہا کہ یہ ایگزٹ پول یہ تصور بنانا چاہتے ہیں کہ بی جے پی جیت رہی ہے ۔ اتنا ہی نہیں ، انہوں نے الیکشن کمیشن کے افسران پر ای وی ایم سے چھیڑ چھاڑ کرنے کا بھی الزام لگایا ۔
نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق اکھیلیش یادو نے کہا کہ ایگزٹ پول یہ تصور بنانا چاہتے ہیں کہ بی جے پی جیت رہی ہے ۔ یہ جمہوریت کی آخری لڑائی ہے ۔ امیدواروں کو بتائے بغیر ای وی ایم پہنچائی جارہی ہیں ۔ سماجوادی پارٹی کے سربراہ نے مزید کہا کہ اگر ای وی ایم کو اس طرح سے لے جایا جارہا ہے تو ہمیں محتاط رہنے کی ضرورت ہے ، یہ چوری ہے ، ہمیں اپنے ووٹ بچانے کی ضرورت ہے ، ہم اس کے خلاف عدالت جاسکتے ہیں ، لیکن اس سے پہلے میں لوگوں سے جمہوریت کو بچانے کی اپیل کرنا چاہتا ہوں ۔
لکھنو میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی سربراہ اکھیلیش یادو نے کارکنان کو پیغام دیا کہ اگر ووٹ دیا ہے تو ووٹ کو بچائیں ۔ اب تین دن ای وی ایم کو بچانا پڑے گا ۔ جیسے کسان بیٹھے ، ویسے ہی کارکنان کو بیٹھنا ہوگا ۔ جمہوریت کو بچانے کیلئے سب کو آگے آنا پڑے گا ۔ غور طلب ہے کہ یوپی میں سات مرحلوں میں انتخابات مکمل ہوئے ہیں اور 10 مارچ کو نتائج آئیں گے ۔
آپ کی راۓ