سوڈان سے 58 ممالک کے 1687 شہری کنگ فیصل نیول بیس پر پہنچ گئے

27 اپریل, 2023
جدة/ ايجنسى
سعودی عرب کا بحری جہاز مختلف ممالک کے مزید شہریوں کو جنگ زدہ سوڈان سے نکال کر بدھ کی صبح علی الصبح جدہ پہنچ گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب کی حکومت اپنے شہریوں کے ساتھ ساتھ غیرملکی شہریوں کو بحفاظت منتقل کرنے کی مسلسل کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
بحری جہاز نے 58 ممالک کے 1687 شہریوں کو سوڈان کی بندرگاہ سے منتقل کیا۔
جہاز پر 46 امریکی، 40 برطانوی، 11 جرمن، 4 فرانسیسی، 13 سعودی، 560 انڈونیشین، 239 یمنی، 198 سوڈانی اور 26 ترک شہری سوار تھے۔
صبح پانچ بجے سے قبل سعودی پرچم بردار بحری جہاز ’امانہ‘ کنگ فیصل نیول بیس پر پہنچا۔
مسافروں کے استقبال کے لیے بحری اڈے کے حکام اور مختلف ممالک کا سفارتی عملہ بھی موجود تھا۔
سوڈان سے فضائی اور بحری جہازوں کے ذریعے مسافر سعودی عرب پہنچے۔
سنیچر کو غیرملکی سفارتکاروں اور عہدیداروں سمیت 150 افراد کشتیوں کے ذریعے جدہ پہنچے تھے، یہ سوڈان سے انخلا کا آغاز تھا۔
پیر کو فوجی طیارے سی ون 30 ہرکیولیس نے جنوبی کوریا کے شہریوں کو کنگ عبداللہ ایئر بیس پر پہنچایا تھا اور ایک کشتی کے ذریعے 14 ممالک کے تقریباً 200 شہریوں کو سوڈان کی بندرگاہ سے لایا گیا تھا۔
اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل نمائندے ڈاکٹر عبدالعزیز الواصل نے سوڈان میں جنگ بندی کے موجودہ معاہدے کی اہمیت پر زور دیا تھا۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل میں کہا تھا کہ مملکت سوڈان میں جنگ بندی کے لیے تمام شراکت داروں کے ساتھ کام کر رہا ہے۔
انہوں نے شہریوں کے انخلا میں سہولت فراہم کرنے کے لیے فریقین کے تعاون کو بھی سراہا تھا۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter