غزہ/ ايجنسى
اسرائیلی فوج کے رفح، شمالی و جنوبی غزہ میں حملے جاری ہیں، بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر ممنوعہ سفید فاسفورس کے گولے برسا دیے، کل سے اب تک 96 فلسطینی شہید، 172 زخمی ہو گئے۔
وزارتِ صحت غزہ کے مطابق غزہ میں 7 اکتوبر 2023ء سے اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 29 ہزار 878ہو گئی جبکہ 70 ہزار 215 فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں۔
مسلسل اسرائیلی حملوں کے بعد ہلالِ احمر نے غزہ میں 48 گھنٹوں کے لیے کام روک دیا۔
مغربی کنارے کے شہر طوباس میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے مزید 3 فلسطینی شہید ہوگئے۔
حماس کے جوابی وار میں متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک و زخمی ہوئے ہیں جبکہ کئی اسرائیلی ٹینک تباہ ہو گئے۔
فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کا منصوبہ اسرائیلی جنگی کابینہ میں پیش
اسرائیلی فوج نے رفح سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کا منصوبہ جنگی کابینہ میں پیش کر دیا۔
دوحہ میں قطر کے امیر تمیم بن حمد الثانی اور حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی ملاقات ہوئی ہے جس کے دوران اسرائیل حماس معاہدے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے عزم کا اعادہ کیا کہ غزہ سے اسرائیلی افواج کے انخلاء اور جنگ کے خاتمے کے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوں نگے۔
دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن نے پیر تک غزہ میں سیز فائر کا عندیہ دے دیا، امریکی صدر کا کہنا ہے کہ مشیر قومی سلامتی نے انہیں بتایا ہے کہ ہم سیز فائر معاہدے کے قریب ہیں۔
حماس کے عہدیدار کی جانب سے امریکی صدر جوبائیڈن کے غزہ میں جنگ بندی سے متعلق دیے گئے بیان پر ردِ عمل کا اظہار کیا گیا ہے۔
حماس کے عہدیدار نے کہا ہے کہ امریکی صدر کے بیان پر تبصرہ قبل از وقت ہے، غزہ میں جنگ بندی کے لیے ابھی بھی بڑے خلاء موجود ہیں۔
آپ کی راۓ