ڈاکٹر عبد الغنی القوفی
جھنڈا نگر: 19 جنوری 2024 (بروز اتوار)/ کیر خبر
معروف عالم دین خطیب الاسلام مولانا عبد الرؤوف جھنڈا نگری رحمہ اللہ کے اکلوتے فرزند اور خلف الرشید الحاج عبد الرشید خاں کے انتقال کی خبر نے علمی و دینی حلقوں میں غم کی لہر دوڑا دی۔ إنا لله وإنا إليه راجعون۔
آپ کا انتقال بروز شنبہ بعد نماز مغرب ہوا۔ خبر سنتے ہی راشٹریہ مدرسہ سنگھ نیپال کے ناظم مولانا مشہود خاں نیپالی کے ہمراہ ڈاکٹر عبد الغنی القوفی کدربٹوا پہنچے اور مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت پیش کی۔ اس موقع پر تجہیز و تکفین کے معاملات پر بھی گفتگو ہوئی۔
جنازے کی ترتیب
آپ کی نماز جنازہ کل بروز یکشنبہ (19 جنوری 2024) کو شام 4 بجے (انڈین وقت) جھنڈا نگر کے قبرستان میں ادا کی جائے گی۔ جنازہ ان شاء اللہ ڈھائی بجے تک کلیہ عائشہ پہنچے گا، جہاں سے وقت مقرر پر قبرستان لے جایا جائے گا۔
الحاج عبد الرشید خاں رحمہ اللہ عمر رسیدہ اور صاحب فراش تھے۔ جامعہ کے ناظم مولانا شمیم احمد ندوی کے مطابق آپ کی عمر 95 سال تھی۔ گزشتہ سال بھر سے آپ مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے، اور آخری ایام میں کھانے پینے سے معذور ہو گئے تھے۔ نلی کے ذریعے مائع غذا فراہم کی جاتی تھی۔ اہل خانہ، خصوصاً ڈاکٹر منظور احمد خاں نے آخری وقت تک دیکھ بھال میں بھرپور کوشش کی اور کسی قسم کی کوتاہی نہیں کی۔
الحاج عبد الرشید خاں رحمہ اللہ نہایت متواضع، مخلص اور خدمت گزار شخصیت کے مالک تھے۔ آپ نے کلیہ عائشہ کی خدمت کو اپنی زندگی کا مشن بنا لیا تھا۔ مقامی لوگوں سے تعاون کے لیے آپ خود رکشہ پر سوار ہو کر دورہ کیا کرتے اور اپنی عاجزی اور خلوص کے سبب ہر کوئی آپ کی بات مان لیتا۔
مرحوم کے کردار کی گواہی ان کے احباب، متعارفین اور سبھی واقف کاروں نے دی۔ آپ نے پوری تندہی اور خلوص کے ساتھ کلیہ عائشہ کے لیے بے پناہ خدمات انجام دیں۔ آپ کی وفات سے جھنڈا نگر کے دینی، تعلیمی، اور سماجی حلقوں میں ایک ناقابل تلافی خلا پیدا ہوگیا ہے۔ آپ کی وفات سے در حقیقت ایک عہد کا خاتمہ ہو گیا۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق دے۔ اس موقعہ پر ہم بطور خاص ڈاکٹر منظور احمد خاں علیگ، مولانا شمیم احمد خاں ندوی اور دیگر تمام اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے رب العالمین سے دعا کرتے ہیں کہ انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور سبھی وارثین کو ان کی لگائی پود کی آبیاری کرتے رہنے کی توفیق بخشے کہ در حقیقت یہی ان کے لئے سب سے بہتر خراج تحسین ہوگا-
آپ کی راۓ