نامور خطیب اور معروف عالم دین مولانا عبدالشکور اثری ہزاروں سوگواروں کے درمیان سپرد خاک

30 دسمبر, 2021

سدھارتھ نگر/ کیئر خبر
بڑے رنج و غم کے ساتھ آج صبح خبر موصول ہوئی کہ جماعت اہلحدیث کے ممتاز خطیب وداعی، معروف عالم دین کہنہ مدرس ومربی اور جامعہ اثریہ دارالحدیث، مئو ناتھ بھنجن، یوپی کے سابق شیخ الجامعہ جناب مولانا عبدالشکوراثری(رحمه الله )نمازِ فجر سے کچھ دیر پہلےبقضائے الہی طویل علالت کےبعداس دارفانی سے رحلت فرما گئے، اور آج مورخہ:30/12/2021 بروز جمعرات ان کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں بنکٹوا، سعداللہ نگر میں بعد نمازِ عصر ادا کی گئی اور ہزاروں سوگواروں کے درمیان انھیں سپرد خاک کر دیا گیا۔جنازہ میں اتر پردیش کے کئی بڑے شہر کی نمائندہ شخصیتوں نیز قرب و جوار کے مدارس کے اساتذہ اور طلبا کی خاصی تعداد تھی۔

ضلعی جمعیت اہلِ حدیث سدھارتھ نگر،یوپی کے ناظم اعلیٰ اور جامعہ سراج العلوم السلفیہ، جھنڈا نگر، نیپال کے استاد مولانا وصی اللہ عبدالحکیم مدنی نے مولانا موصوف کے انتقال پر ملال پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علمی و جماعتی حلقوں میں بڑے کرب ودر دکے ساتھ یہ اندوہناک خبر پڑھی اور سنی گئی کہ ھماری جماعت کے ممتاز و نامور خطیب، بابصیرت ومتحمس داعی، مسلک سلف کے بےباک ترجمان و پاسبان، معروف ومعتبر عالم دین، کہنہ مشق مدرس ، بےمثال مربی، جامعہ اثریہ دارالحدیث، مئو ناتھ بھنجن، یوپی کے سابق  شیخ الجامعہ اور شیخ الحدیث جناب مولانا عبدالشکوراثری رحمہ اللہ طویل علالت کےبعدآج نمازِ فجر سے کچھ دیر پہلے بقضائے الہی
اپنی جاں جان آفریں کے سپرد کردی، تغمده الله بواسع رحمته ورضوانه
آپ نے اپنی پوری حیات مستعار کو کتاب وسنت کی سنہری وآفاقی تعلیمات کی ترویج واشاعت اور فروغ دینے میں وقف کردی، میدان خطابت میں بھی آپ نےناقابلِ فراموش خدمت انجام دی ہے
آپ انتہائی خلیق و ملنسار، عمدہ سیرت وکردار اور سلف صالحین کے منہج ومسلک کے علم بردار ھونے کے علاوہ طالبان علوم کتاب وسنت کے لیے شفیق و مہربان اور معمار ان قوم وملت کے قدردان تھے، جامعہ اثریہ سے ریٹائر ہونے سے کچھ دنوں پہلے منتظمین جامعہ نے مولانا عبدالمنان سلفی رحمہ اللہ کو جشن بخاری کی مناسبت سے خصوصی خطاب کے لیے مدعو کئے تھے، میں بھی رفیق سفر کی حیثیت سے گیا تھا ممدوح محترم نے میری حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مجھے بھی مختصر خطاب کا موقعہ عنایت فرمایا تھا،  شكر الله سعيه وتقبل حسناته
ڈاکٹر عبدالمبین ثاقب مولانا کلام الدین مدنی ڈاکٹر اورنگزیب تیمی مولانا عبدالصبور ندوی انور علی شاہ سلفی ڈاکٹر شہاب الدین مدنی مولانا پرویز مدنی مولانا محمد نسیم مدنی اسرار احمد شاہ مولاناعباس اثری نے مولانا کے سانحہ ارتحال پر اپنے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا اللہ تعالی ان کے تمام حسنات، علمی ودینی،دعوتی و تبلیغی خدمات اور طاعات وعبادات کو شرفِ قبولیتِ سے نوازے اور ان کی بشری لغزشوں کو در گذر کرتے ہوئے جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔
مولانا محمد مستقیم مدنی دھنوشا نے اپنے استاذ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا:

آج بتاریخ 30 دسمبر 2021 جمعرات کی صبح بذریعہ واٹساپ یہ جانکاہ اور روح فرسا خبر پڑھنے کو ملی کہ استاذ محترم فضیلة الشیخ جناب عبد الشکور اثری صاحب رحمہ اللہ اس دار فانی سے کوچ کرکے دار بقاء کی طرف رحلت فرما گئے ہیں۔ انا للّٰہ و انا الیہ راجعون
استاذ محترم ایک کہنہ مشق مدرس و مربّی، بے باک خطیب، باغ سلفیت کے نگہبان اور بے لوث داعی؛ گویا کہ مختلف النوع صفات سے متصف تھے۔
راقم الحروف کو آں محترم سے جامعہ دار الحدیث اثریہ مئو ناتھ بھنجن یوپی میں خوب استفادہ کا موقعہ ملا جو 1986 سے 1988ء پر محیط ہے۔ مجھے یاد آرہا ہے کہ شیخ محترم نے ہمیں تفسیر مدارک اور عقیدہ واسطیہ پڑھایا تھا، افہام و تفہیم کا انداز بہت ہی نرالا اور خطیبانہ ہوا کرتا تھا-
اس زمانہ میں مولانا محترم جامعہ اثریہ کے مشرقی جانب باغیچہ میں واقع جامع مسجد میں جمعہ کا خطبہ دیا کرتے تھے جو غالبا محدث عصر جناب شیخ محمد ناصر الدین البانی رحمہ اللہ کی مایہ ناز کتاب “ احکام الجنائز “ سے مسلسل خطبے دیا کرتے تھے، انداز بیان اتنا پیارا اور سہل کہ جامعات مئو کے طلبہ جوق در جوق جمعہ میں شرکت کرتے اور فوائد متنوعہ سے مستفید ہوتے؛ خصوصا جامعہ فیض عام مئو کے طلبہ بکثرت شریک ہوا کرتے تھے۔
بعد میں شیخ رحمہ اللہ جلسوں میں بھی تقاریر کرنے جاتے تھے، وہی تدریسانہ انداز مسئلہ اور دلیل، مسئلہ اور دلیل جسے لوگ سنتے ہی رہ جاتے-
جامعہ اثریہ سے نکلنے کے بعد دوبارہ ان سے ملاقات کا شرف حاصل نہ ہوا، لیکن ان کی صحت کے بارے میں وقتا فوقتا خبریں لیتا رہتا تھا، البتہ جمیعت اہل حدیث نیپال کی طرف سے بہوری بیر گنج میں منعقد عالمی کانفرنس میں ملاقات ہوئی اور دیرینہ یادیں تازہ ہو گئیں۔
اللہ تعالی شیخ محترم کی مغفرت فرمائے، بشری لغزشوں کو معاف فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔ آمین

قارئین کرام سے دعائے مغفرت کی درخواست ہے-

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter