سال رواں کا حج پرامن، شاندار اور کامیاب رہا

محمد ھاشم بشیر احمد تیمی

14 جولائی, 2022
حج اسلام کا پانچواں رکن ہے، یہ مسلمانوں کا عظیم عالمی دینی اجتماع ہے، یہ ایک عالمگیر اور جامع عبادت ہے، ہر سال دنیا سے لاکھوں مسلمان ایک مرکز پر جمع ہوتے ہیں اور ایک جیسا لباس زیب تن کرکے فریضہ حج ادا کرتے ہیں، حج کی اسی اہمیت وافادیت کے پیش نظر اور مسلمانوں کی عالمی دینی اجتماعیت کی وجہ سے مملکت سعودی عرب اس جانب خصوصی توجہ مرکوز کرتی ہے، اور امور حج کے نظم و نسق میں اس کا اہم ترین کردار ہو تاہے، حکومت سعودی عرب اور اس کے باشندگان حج کی شاندار کامیابی میں پوری کد وکاوش، مکمل توجہ اور بھرپور مادی ومعنوی تعاون پیش کرتے ہیں۔
چنانچہ دیگر سالوں کی طرح اس موسم حج 2022م میں بھی حج کی شاندار کامیابی میں سعودی عرب نے زبردست رول ادا کیا، جیسا کہ رابطہ عالم اسلامی نے اس سال موسم حج 1443 ہجری کی کامیابی پر مملکت سعودی عرب کی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے شاندار حج پلان کو سراہا، جس میں کوویڈ 19 کے موجودہ خطرات اور اس کے نتائج کی رعایت رکھتے ہوئے حج کے دوران حجاج کرام کی صحت کے اعلی ترین معیار کو برقرار رکھا گیا۔
عالم اسلام نے اس سال کے انتظامات اور حج کی شاندار کامیابی کو قدر کی نگاہ سے دیکھا، اور اس تعلق سے عالم اسلام کے علماء کرام اور مفتیان عظام کی طرف سے مملکت سعودی عرب کو متعدد پیغامات موصول ہوئے، جن میں ان حضرات نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ان کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان حفظہما اللہ کی حکومت کی طرف سے حجاج کرام کو پیش کردہ عظیم خدمات کی تعریف کی، مملکت سعودی عرب کی جانب سے امت مسلمہ اور ان کے مسائل میں دلچسپی، حرمین شریفین اور ان کے عازمین کی خدمت اور حجاج کرام کو بحفاظت وسہولت مناسک حج کی ادائیگی کے لیے پیش کردہ عظیم کد وکاوش قابل ستائش ہے۔
اس سال حاجیوں کی تعداد ایک ملین سے زائد تھی، اس کے باوجود حجاج کرام وبائی امراض کورونا سے محفوظ رہے، اور حاجیوں کی حفاظت کے لئے سخت احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں، شاہ سلمان بن عبد العزیز نے کہا کہ یہ ہمارے لئے بہت بڑا اعزاز ہے کہ ہمارے ملک کو حرمین شریفین کی خدمت کا شرف حاصل ہے، حج بیت اللہ کے لئے آنے والے دنیا بھر کے مسلمان ہمارے مہمان ہیں، ان کی حفاظت اور سلامتی ہماری اولین ذمہ داري ہے، اس بار بیرون ملک سے ساڑھے آٹھ لاکھ مسلمان فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے آئے، گزشتہ دو سال کے دوران حج محدود ہو کر رہ گیا تھا اور وباء کی وجہ سے اندرون اور بیرون ملک سے حجاج حج کے لیے نہیں آسکے، سعودی عرب کی قیادت نے کورونا وباء کی روک تھام کے لئے مؤثر اقدامات کیں اور ان کے اقدامات کی کامیابی کے باعث رواں سال دنیا بھر سے لاکھوں مسلمانوں کو حج کی سعادت حاصل کرنے کا موقع ملا، اس سال حج کو کامیاب بنانے کےلئے مملکت میں تمام شعبوں میں کارکنوں کی جانب سے کی جانے والی زبردست کوششوں پر حکومت سعودی عرب تہ دل سے شکریہ کی مستحق ہے ۔
آخر میں اللّٰہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود اور ان کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان حفظہما اللہ کو جزائے خیر عطا فرمائے، ضیوف الرحمان کے حج کو شرف قبولیت سے نوازے، اور انہیں ان کے گھر اور اہل وعیال کے پاس بحفاظت وسہولت واپس لوٹا دے، اور مملکت سعودی عرب کو حاسدین کے حسد سے محفوظ رکھے، اور ہر کار خیر کرنے کی توفیق ارزانی بخشے، آمین یارب العالمین۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter