ميلبورن/ ايجنسى
ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی میں ویرات کوہلی نے پاکستان کے جیتے ہوئے میچ کو اپنی بیٹنگ اور پاکستان کی فاش غلطیوں کی وجہ ہار میں تبدیل کردیا۔ سنسنی خیز ڈرامے کے بعد بھارت نے آخری گیند پر چار وکٹ سے فتح حاصل کی۔ امپائروں کی جانب سے متنازع فری ہٹ اور پاکستانی کپتان بابر اعظم کا آخری اوور اسپنر محمد نواز کو دینے کا فیصلہ بھی شکست کا سبب بنا۔ ویرات کوہلی نے زندگی کی بہترین ٹی ٹوئنٹی اننگز کھیل کر فتح چھین لی۔ اتوار کو میلبورن بابر اعظم صفر پر آئوٹ ہوئے، شاہین شاہ آفریدی کی بولنگ میں ردھم دکھائی نہ دیا۔ ویرات کوہلی نے53گیندوں ناقابل شکست 82رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں چار چھکے اورچھ چوکے شامل تھے۔ آخری اوور میں بھارت کو جیت کے لئے16رنز درکار تھے۔ ویرات کوہلی نے ہاردیک پانڈیا کے ساتھ78گیندوں پر113رنز بنائے، اس شراکت نے بھارت کی مشکل جیت کو آسان کردیا۔ پاکستان نے ٹاس ہارنے کے بعد 8 وکٹ پر159رنز بنائے، بھارت نے آخری گیند پر ہدف چھ وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کوہلی کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم ابتدا میں مشکلات کا شکار نظر آئی، اوپنر کے ایل راہول کو چار رنز پر فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کلین بولڈ کیا، اگلے ہی اوور میں چار رنز بناکر حارث رؤف نے بھارتی کپتان روہت شرما کو آؤٹ کردیا، افتخار احمد نے سلپ پر ان کا مشکل کیچ لیا۔ بھارت کو تیسرا نقصان بھی حارث نے سوریا کمار یادیو کی صورت میں پہنچایا، وہ 10گیندوں پر 15 رنز بناسکے۔ اکشر پٹیل کپتان بابر اعظم کی شاندار تھرو پر رن آؤٹ ہوئے، وہ صرف 2 رنز بنا پائے۔ بھارتی ٹیم نے 10اوورز کے اختتام پر 4 وکٹ پر 45رنز بنائے تھے ۔ میچ اس وقت انتہائی سنسنی خیز ہوگیا جب آخری اوور میں محمد نواز کی پہلی ہی گیند پر ہاردیک پانڈیا 40 رنز بنانے کے بعد کیچ ہوگئے۔ محمد نواز کی نو بال پر ویرات کوہلی کا چھکا اور دو وائیڈ بالز نے بھی کامیابی کی راہ ہموار کی۔ بھارت کو آخری بال پر فتح کیلیے ایک رن درکار تھا لیکن کارتھک کے اسٹمپ آؤٹ ہونے کے بعد میدان میں آنے والے ایشون نے چوکا لگا دیا۔ حارث رؤف اور محمد نواز نے 2، 2جب کہ نسیم شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ قبل ازیں بھارت نے ٹاس جیت کربولنگ کا فیصلہ کیا، اننگز کے آغاز پر پاکستان کی بیٹنگ مشکلات کا شکار نظر آئی ۔ بابر اعظم دوسرے اوور میں ارشدیپ سنگھ کی پہلی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے اور گولڈن ڈک پر پویلین لوٹ گئے، چوتھے اوور میں محمد رضوان بھی 12 گیندوں پر 4 رنز بناکر ارشدیپ سنگھ کا شکار بنے۔12ویں اوور میں افتخار احمد نے اکشر پٹیل کو 3 فلک شگاف چھکے لگائے، وہ 34گیندوں پر 51رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے چار چھکے مارے۔ نائب کپتان شاداب خان 6 گیندوں پر 5، حیدر علی 4گیندوں پردو جبکہ محمد نواز چھ گیندوں پر نو رنزبناکر ہاردیک پانڈیا کا نشانہ بنے ۔ آصف علی صرف 3رنز بناکر واپس لوٹ گئے، ان کو ارشدیپ نے آؤٹ کیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے ارشدیپ کو ایک چھکا اور ایک چوکا رسید کیا، وہ 8پر16رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شان مسعود 42گیندوں پر 52اور حارث رؤف 4گیندوں پر 6رنز بناکرناٹ آئوٹ رہے۔ ارشدیپ سنگھ نے 32اور ہاردیک پانڈیا نے 30رنز دے کر 3، 3 جب کہ بھونیشور کمار اور محمد شامی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
آپ کی راۓ