زمزم کا پانی اور حکومت سعودی عرب كا اہتمام
ابو حماد عطاء الرحمن المدنی/ المرکز الاسلامی کاٹھمنڈو
زمزم کا پانی حضرت ابراہیم علیہ السلام کے شیر خوار بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کی پیاس بجھانے کے لئے اللہ تعالیٰ نے ہزاروں سال قبل ایک معجزے کی صورت میں مکہ مکرمہ کے بے آب وگیاہ ریگستان میں جاری کیا۔
زمزم کا کنواں مسجد حرام مکہ مکرمہ میں خانہ کعبہ کے جنوب مشرق میں تقریباً 21 میٹر کے فاصلے پر تہخانے میں واقع ہے۔ یہ کنواں وقت کے ساتھ سوکھ گیا تھا لیکن نبی کریمﷺ کے دادا عبد المطلب نے الہام الہی سے دوبارہ کھدوایا جو آج تک جاری وساری ہے۔
جدید طبی تحقیقات سے یہ واضح ہواہے کے ماء زمزم میں ایسے اجزاءمعدنیات اور نمکیات موجود ہیں جو انسان کی غذائی اور طبی کی ضروریات کو بڑے اچھے طریقے سے پورا کرتے ہیں۔
حکومت سعودی عرب نے اس بات کا اہتمام کر رکھا ہے کہ ہر چار گھنٹے بعد زمزم کے پانی کا جدید ترین لیبارٹریوں میں ہر لحاظ سے معائنہ کیا جاتا ہے۔ تحقیقات کے نتیجے میں ماء زمزم کے بارے میں میں بیشمار انکشافات ہو رہے ہیں۔ زمزم کی کیمیائی تحقیقات اور طبی مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ اس میں ایسے اجزاء شامل ہیں جو معدہ، جگر، آنتوں اور گردوں کے لئے مفید ہیں۔
ماضی میں حرمین شریفین میں مشکیزے اٹھاکر کٹورے میں پانی پلایا جاتا تھا لیکن آج سعودی عرب میں ماء زمزم کو باقاعدہ بوتلوں میں پیک کرکے لوگوں کو دیا جاتا ہے تاکہ اس شفا بخش پانی سے پیاس بجھانے کے ساتھ اس کو بطور تبرک اپنے ساتھ بھی لے جاسکے۔
مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں ماہ رمضان المبارک کے دوران یومیہ دو لاکھ آب زمزم کی بوتلیں تقسیم کی جارہی ہیں۔ حرم شریف میں آب زمزم کی فراہمی کی ذمہ داری پر مامور ادارہ ” سقیا” نے زائرین کے لئے زمزم کی مستقل فراہمی کے خصوصی انتظامات کئے ہیں تاکہ ماہ رمضان المبارک میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ” ایس پی اے” کے مطابق حرم شریف میں ادارہ س”سقیا ” کیجانب سے اس امر کو یقینی بنایا گیا ہے کہ ما رمضان المبارک میں آنے والے عمرہ زائرین کو آب زمزم مستقل بنیادوں پر فراہم کیا جائے۔
زمزم کی فراہمی کے لئے مرتب منصوبے کے تحت یومیہ بنیاد پر زائرین میں دو لاکھ آب زمزم کی چھوٹی بوتلیں تقسیم کی جارہی ہیں۔
زمزم کی بوتلوں کی تقسیم کے لئے ادارے نے خصوصی کارکن متعین کئے ہیں جو صحن مطاف میں ٹرالیوں اور مخصوص بیگز کے ساتھ موجود ہوتے ہیں جن پر آب زمزم کی بوتلیں ہوتی ہیں جو وہاں آنے والے عمرہ زائرین اور دیگر افراد میں تقسیم کی جاتی ہیں۔
ادارہ سقیا کا کہنا ہے ہے کہ صحن مطاف اور دیگر مقامات پر 50 سے زائد ٹرالیوں کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے جہاں آب زمزم کی چھوٹی بوتلیں تقسیم کی جاتی ہیں علاوہ ازیں ادارے نے آب زمزم گلاسوں میں فراہم کرنے کے لئے بھی اضافی کارکنوں کو متعین کیا ہےجنہیں متحرک کولرز فراہم کئے گئے ہیں جو وہ اپنی کمر پر آسانی سے اٹھا سکتے ہیں۔
متحرک کو لرز میں ٹھندا آب زمزم ہمہ وقت دستیاب ہوتا ہے۔ ادارہ سقیا کے یہ کارکن حرم شریف کے اندرونی صحن، بالائی حصہ اور جدید توسیع کے علاوہ بیرونی صحنوں میں بھی موجود ہوتے ہیں۔
بحوالہ اردو نیوز جدہ 5 اپریل 2023ء
اخبار ” الغد” کی رپورٹ کیمطابق حرمین شریفین کی انتظامیہ کی مسجد نبوی شریف کے امور کی ایجنسی نے واضح کیا ہے کہ رسول اللہ ﷺ کی مسجد میں لگ بھگ روزانہ 400 ٹن آب زمزم فراہم کیا جاتا ہے۔ اس مقدس پانی کی فراہمی کے انتظامات میں 520 ملازموں کو مختص کیا گیا ہے، کنٹینرز کو بھرا جاتا اور مسجد نبوی میں مخصوص مقامات تک پہنچایا جاتا ہے۔ مسجد نبوی کے صحن اورچھت پر بھی پانی فراہمی کا انتظام کیا جاتا ہے۔
ایجنسی نے کہا کہ مسجد نبوی کی تمام راہداریوں میں زمزم کے پانی کے 14ہزارسے زیادہ کنٹینرز تقسیم کئے گئے ہیں۔ ان کولرز یا کنٹینرز کے ساتھ 10 لاکھ سے زیادہ ڈسپوزیبل گلاس رکھے جاتے ہیں۔آب زمزم کے ان کنٹینرز کو دن میں 3 مرتبہ دھو کر اور جراثیم سے پاک کرکے دوبارہ بھردیا جاتا ہے۔
مسجد نبوی کے لئے کام کرنے والی ایجنسی نے بتایا کہ پانی کے کنٹینرز کو بھرنے کے 8 مقامات بنائے گئے ہیں، زمزم کے پانی کی بوتلوں کو ٹھنڈا کرنے کے لئے 3 مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ مقدس پانی سے بھری ہوئی بوتلوں کو کارکن تھیلوں میں اٹھا کر نمازیوں اور زائرین میں تقسیم کرنے کا اہتمام کرتے ہیں۔
مسجد نبوی کے امور کے لئے جنرل پریزیڈنسی کی ایجنسی تمام شعبوں میں اپنے کام کو ترقی دے رہی ہے۔ مسجد نبوی میں آنے والوں کے لئے آرام فراہم کیا جاتاہے۔ مسجد نبوی کے اندر، اس کے صحنوں اور چھت پر زمزم کے پانی کی فراہمی کا انتظام کیا گیا ہے۔ زائرین کی پانی تک رسائی آسان بنانے کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں۔
انتظامیہ کو لرز کے ذریعے ٹھنڈا پانی فراہم کرتی، زمزم واٹر سپل پروجیکٹ کے ذریعے پانی لوگوں تک پہنچاتی ہے۔ مساجد کو فراہم کرنے کے علاوہ فکسڈ کنٹینرز، سنگل یوز کنٹینرز بھی فراہم کئے جاتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ سے ہم دعا کرتے ہیں کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہرطرح سے حفاظت فرمائے اور ان کی دینی خدمات کو شرف قبولیت بخشے ۔آمین یارب العالمین
آپ کی راۓ