شاہ عبد العزیز  انٹرنیشنل مسابقہ قرآن کریم 2023ء کا انعقاد مكه مكرمه میں

ابو حماد عطاء الرحمن المدنی/ المرکز الاسلامی کاٹھمنڈو

26 اگست, 2023
 ہمارا ایمان ہے کہ قرآن مجید کتاب ہدایت اور بنی نوع انسان کے نام  رب کائنات کا آخری پیغام ہے جس پر عمل پیرا ہوکر دنیوی و اخروی تمام سعادتوں سے بہرور ہوا جاسکتا ہے۔ آج امت مسلمہ جن مسائل ومشکلات میں گھری ہوئی ہے اس کا واحد سبب قرآن سے دوری اور اسوۂ نبوی کی مہجوری ہے۔ مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ قرآن کی تعلیم وتدریس کااہتمام کریں اور اس کی تلاوت و فہم و تدبر کو اپنا وطیرہ بنائیں۔  اگر انہوں نے اسے اپنا  عقیدہ و عمل میں داخل کرلیا تو نہ صرف وہ صحیح معنوں میں کامیاب ہو جائیں گے بلکہ ساری انسانیت کے لئے بھی وجہ سعادت بن جائیں گے اور دنیا امن و آشتی کا گہوارہ بن جائے گی اور انسان سعادت دارین سے سرفراز ہو جاۓگی۔
یہ حقیقت ہے کہ مملکت سعودی عرب جہاں حرمین شریفین کی خدمت اور حجاج و معتمرین کی خدمت کو ایک فریضہ سمجھتی ہے ، وہاں قرآن پاک کی خدمت میں بھی اپنا کردار بہترین انداز میں انجام دیتی ہے۔ آج اگر ہم مملکت سعودی عرب کی خدمت پر نظر ڈالیں تو یہ حقیقت واضح ہوجاتی  ہے کہ مملکت سعودی عرب کا دستور قرآن پاک ہے۔  کون نہیں جانتا کہ مملکت سعودی عرب میں قرآن پاک کے خصوصی ٹیوی چینلز اور ریڈیو سٹیشن ہیں جن میں دنیا کے بہترین قراء کی تلاوت نشر کی جاتی ہے اور طباعت قرآن پاک کے لئے خصوصی طور پر پرنٹنگ پریس موجود ہے جہاں لاکھوں کی تعداد میں قرآن پاک کی طباعت جدید اصولوں پر کی جاتی ہے جہاں دنیا بھر کی زبانوں میں قرآن پاک کی طباعت شامل ہے۔ اسی طرح مملکت سعودی کی مختلف جامعات میں قرآن پاک کے خصوصی چیئرز قائم ہیں اور سعودی عرب کی حکومت ان کی مالی مدد کرتی ہے۔
اسی طرح ہر سال خادم حرمین شریفین کی سرپرستی میں بین الاقوامی تحفیظ القرآن الکریم کا مقابلہ منعقد کیا جاتاہے  اس سال بھی حرم مکی میں اس مبارک مسابقہ کا انعقاد وزارت اسلامی امور و  دعوت و ارشاد کے زیر اشراف عمل میں کیا گیا ہے جس میں 117 ملکوں کے 166 ماہر حفاظ وقراء شرکت فرمارہے ہیں۔ مسابقہ کا مقصد یہی ہے کہ مسلم بچوں کے دلوں میں حفظ قرآن پاک کے حفظ کےساتھ قرآن میں غور فکر اور تدبر کا ملکہ پیدا ہو، انہیں قرآن پاک سے جوڑا جاۓ اور ان کو اس طرح کے مسابقہ میں شریک ہونے پر ابھارا جاۓ ، حکومت سعودی عرب کا مقصد صرف رضاۓ الہی اور امت مسلمہ کی خیر خواہی ہے۔
مشارکین کی عمروں کا لحاظ رکھتے ہوئے اس مسابقہ کو پانچ زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔
پہلا زمرہ:  قرآن مجید کا مکمل حفظ، حسن تلاوت وتجوید مع قراءت سبعہ متواترہ ” شاطبیہ ” اور ” تیسیر ” کے طریقے پر۔
دوسرا زمرہ:  قرآن مجید کا مکمل حفظ، حسن تلاوت مع تجوید، ترجمہ اور تفسیر کے ساتھ۔
 تیسرا زمرہ: قرآن مجید کا مکمل حفظ، حسن تلاوت  تجوید کے ساتھ۔
چوتھا زمرہ : شروع سے پندرہ پاروں تک کا حفظ حسن تلاوت  تجوید کے ساتھ۔
پانچواں زمرہ : شروع سے پانچ پاروں تک حفظ، حسن تلاوت تجوید کے ساتھ ۔
انعامات کی مجموعی رقم 4000000 سعودی ریال ہے، تمام زمروں پر تقسیم انعامات کےلئے پہلے اور دوسرے زمرے سے تین کامیاب متسابقین منتخب کیے جائیں گے جس کے لئے کل انعامات 2175000 سعودی ریال مختص ہے، باقی زمروں کے لئے پانچ کامیاب متسابقین منتخب کئے جائیں گے اس میں کل انعامات 1825000سعودی ریال ہے۔
مسابقہ کی ابتدائی کوالیفائر کی سرگرمیاں بروز جمعہ 9/2/1445ہجری سے مشارکین کی رہائش گاہ پر  شروع کردی گئیں، جبکہ فائنل کوالیفائر  آج بروز ہفتہ شروع ہونے والاہے ۔ اس کا دورانیہ چھ دنوں تک  روزانہ دو نشستوں میں حرم مکی کے اندر چلے گا اور اختتامی تقریب بروزِ بدھ 21/2/1445ہجری کو ہوگی۔
   اللہ تعالیٰ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد  محمد بن سلمان حفظ ہمارے اللہ کی قرآنی خدمات کو شرفِ قبولیت بخشے  اور حکومت سعودی عرب کو شروفساد سے محفوظ رکھے اور وزیر برائے اسلامی امور عزت مآب ڈاکٹر عبداللطیف حفظہ اللہ کی عمر میں خیرو برکت نازل فرماۓ۔
أبو حماد عطاء الرحمن المدنی
المرکز الاسلامی کاٹھمنڈو

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter