شاہ عبد العزیز آل سعود عالمی مسابقہ برائے قرآن کریم تزک واحتشام کے ساتھ جاری: قمرالدین ریاضی
مملکت سعودی عرب اپنے قیام کے روز اول ہی سے کتاب وسنت کی نشرواشاعت میں جوکارہائے نمایاں انجام دیتی چلی آرہی ہے وہ کسی بھی مسلمان پر مخفی نہیں ہے، عالم اسلام کی یہ منفرد حکومت ہے جس کا دستور ہی کتاب وسنت ہے، ہر چہار جانب توحید کی بالادستی ہے، پوری مملکت میں شاید ہی کوئی ایسی جگہ ہو جہاں کائنات کا سب سے عظیم جرم شرک اکبر کا ارتکاب کیا جارہا ہو، سعودی حکومت کی سرزمین مزاروں اور آستانوں پر ہونے والی خرافات اورعجیب وغریب حرکتوں سے پاک وصاف ہے، کسی کی کیا مجال کہ وہ شرکیہ امور کو سرزمین سعودی عرب میں انجام دے، وہاں کے فرمانروا کی اولین ترجیجات ہوا کرتی ہے کہ تمام ترامور کتاب وسنت کی روشنی میں تکمیل پائے، پوری دنیا میں قرآن کریم اور احادیث نبویہ کے پیغام کو عام کیا جائے۔ اس نیک مقصد کی تکمیل کے لئے سعودی حکومت قرآن کریم کی نشر واشاعت کے لئے کنگ فہد کمپلکس نامی ایک مطبع ہی قائم کررکھا ہے، جہاں سے قرآن کریم چھاپ کر پوری دنیا میں مفت تقسیم کیا جاتاہے، اس کا مکمل خرچ مملکت سعودی عرب خود برداشت کرتی ہے۔ اسی طرح سے سعودی حکومت ہرسال عالمی سطح پر مسابقہ قرآن کریم کا انعقاد کرتی ہے اور کامیاب ہونے والے حفاظ کرام کو ایک خطیر رقم بطور انعام نوازتی ہے اور اور مشارکین مسابقہ کے سارے انتظام وزارت اسلامی کے زیر انتظام ہو ا کرتے ہیں۔سال رواں کا یہ عظیم الشان مسابقہ گذشتہ کل 9 اگست بروز جمعہ ہی سے شروع ہوچکا ہے جو 23 اگست تک جاری رہے گا ان شاء اللہ، اس بین الاقوامی مسابقہ میں 177 ممالک سے 166خوش نصیب حفاظ کرام شرکت فرما رہے ہیں۔ اخیر میں دعا گو ہوں کہ اللہ تعالی اس مسابقہ کو ہر اعتبار سے امت کے نفع بخش بنائے آمین یا رب العالمین۔
آپ کی راۓ